دہلی: تیز آندھی میں درجنوں درخت زمیں دوز، خطرہ ابھی برقرار

دہلی میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی آندھی نے کئی مقامات پر پیڑوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا، محکمہ موسمیات نے شمالی ہندوستان کے لئے الرٹ جاری کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شمالی ہندوستان میں گزشتہ شب ایک بار پھر آندھی-طوفان نے قہر برپا کر دیا۔ پیر کی شب قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں تیز ہوائیں چلیں اور منگل کے روز بھی ایسا ہونے کے امکانات ہیں۔ تیز آندھی کے سبب کئی مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ کر گر گئے۔ جگہ جگہ نقل و حمل میں بھی دشواریوں کا سامنا رہا۔ طوفان کے پیش نظر دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، ہریانہ اور میرٹھ کے متعدد اسکولوں کو منگل کے روز بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

دہلی میں رات کو تقریباً 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ صفدرجنگ میں صبح کا درجہ حرارت 26 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ پیر کی رات آئے طوفان کے دوران دہلی کے پالم علاقہ میں ہواؤوں کی رفتار تقریباً 55 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، حالانکہ دہلی ایئرپورٹ پر تمام پروازیں حسب معمول چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں گھٹا چھائی رہ سکتی ہے اس کے علاوہ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

منگل کو دہلی کے سیکنڈ شفٹ کے اسکولوں کو بند رکھنے کے احکام دیئے گئے ہیں۔ یو پی کے میرٹھ شہر میں بھی منگل کو پہلی سے 12ویں کلاس تک کے تمام اسکول بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں علی گڑھ کے بھی نرسری سے درجہ 8 تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو 2 دنوں کے لئے بند رکھا گیا ہے۔

غازی آباد میں منگل کو تمام اسکول بند رہیں گے اور غازی آباد کے ضلع مجسٹریٹ نے ٹوئٹ کرکے اس کی معلومات دی۔ خوفناک طوفان اور بارش کے امکانات کے مدنظر ہریانہ حکومت نے پیر اور منگل کو تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔


تیز آندھی کا اثر اتراکھنڈ میں بھی دیکھنے کو ملا جہاں متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجی کے پول گرنے کے سبب بجلی فراہمی میں دقتیں پیش آئیں۔ دہرادون واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش کے نزدیک بھی کئی درخت اکھڑ کر گر گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اترپردیش، بہار، مغربی بنگال، سکم، اوڈیشہ، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، کرناٹک اور کیرالہ میں تیز ہواؤں کا اثر نظر آ سکتا ہے جبکہ ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے مختلف مقامات پر تیز آندھی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ 5 ریاستوں میں طوفان نے اپنا قہر برپا کیا تھا، 2 مئی کو آئے اس طوفان میں تقریباً 124 افراد جان بحق ہوئے تھے اور 300 افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 May 2018, 8:53 AM