شیوراج کے منانے سے بھی نہیں مانے ہزاروں بے زمین احتجاجی، قافلہ دہلی روانہ

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے ہزاروں احتجاجیوں کے درمیان پہنچ کر ان کی بات مرکزی حکومت اور پی ایم مودی تک پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے باوجود ستیہ گرہی پا پیادہ دہلی روانہ ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اراضی حقوق کے مطالبہ پر 25 ہزار سے زیادہ ستیہ گرہی یعنی احتجاجی مدھیہ پردیش کے گوالیر سے دہلی کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ آگرہ-ممبئی راستہ پر بڑھتے لوگ مرکزی اور ریاستی حکومت کے لیے آئندہ دنوں میں مصیبت کھڑی کر سکتے ہیں۔ یہ احتجاجی دو دنوں سے گوالیر کےمیلہ میدان میں ڈیرا ڈالے ہوئے تھے۔ صلاح مشورہ کے بعد وہ دہلی کی جانب پیدل چل پڑے ہیں۔

’ایکتا پریشد‘ اور معاون تنظیموں کی آواز پر ہزاروں بے زمینوں نے پانچ نکاتی مطالبہ پر عوامی تحریک شروع کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ رہائشی زراعتی اراضی حقوق قانون، خاتون کسان حقداری قانون، زمین کے زیر التوا معاملوں کے نمٹارہ کے لیے عدالتوں کی تشکیل، قومی اراضی اصلاح پالیسی کا اعلان اور اس پر عمل کے لیے قومی و ریاستی سطح پر نگرانی کمیٹی بنائی جائے۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان بدھ کے روز ان احتجاجیوں کے درمیان پہنچ کر ان کی بات مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی تک پہنچانے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی نریندر سنگھ تومر نے بھی خط لکھ کر حکومت کی جانب سے کی جا رہی پیش قدمی کی تفصیل دی۔ اس کے باوجود احتجاجی بے زمینوں نے دہلی کی طرف بڑھتے قدم کو پیچھے کھینچنے کا فیصلہ نہیں لیا اور جمعرات کے روز پیدل دہلی کی طرف چل پڑے۔

شیوراج کے منانے سے بھی نہیں مانے ہزاروں بے زمین احتجاجی، قافلہ دہلی روانہ

دہلی کی طرف قدم بڑھا چکے احتجاجی مظاہرین کو مرکزی وزیر ویریندر کھوٹک نے بھی سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ کچھ بھی سننے کو تیار نہیں ہوئے۔ سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو احتجاجی مظاہرین کا ساتھ مل گیا ہے۔ سنہا حکومت کی پالیسیوں پر حملہ آور ہیں۔ انھوں نے جمعرات کو بھی حکومت کے طریقہ کار اور اسے صنعت کار پرست ہونے کا معاملہ اٹھایا۔

اس تحریک کی قیادت پی وی راج گوپال، جل پُرش راجندر سنگھ، گاندھی وادی سبّاراؤ وغیرہ کر رہے ہیں۔ میلہ میدان میں جمع ہوئے سماجی کارکنان اور سماج کا محروم طبقہ پانی، جنگل اور زمین کی لڑائی کو لے کر سڑک پر اترا ہے۔ ان سماجی کارکنان کی تحریک سے آنے والے دنوں میں ریاست اور مرکزی حکومت کی مصیبتیں بڑھ سکتی ہیں۔

وہیں اس ستیہ گرہ یعنی احتجاج کی حمایت کرنے 6 اکتوبر کو کانگریس صدر راہل گاندھی بھی مرینا پہنچنے والے ہیں۔ ایک طرف بی جے پی کے خلاف سماجی کارکنان کا اتحاد تیار ہو رہا ہے تو دوسری جانب کانگریس کے ساتھ نئے سیاسی فارمولے بھی تیار ہو رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Oct 2018, 6:07 PM