ایل پی جی سلنڈر سے گیس چوری کرنے والوں کی اب خیر نہیں، مرکزی حکومت نے اٹھایا سخت قدم
مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے بتایا ہے کہ اب ایل پی جی گیس سلنڈر سے گیس کی چوری کو روکنے کے لیے حکومت سلنڈر کو کیو آر کوڈ سے لیس کرنے جا رہی ہے۔
ایل پی جی گیس سلنڈر سے گیس چوری اب عام بات ہو گئی ہے۔ اس تعلق سے لگاتار مل رہی شکایتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے ایل پی جی گیس سلنڈر استعمال کرنے والے صارفین کی سہولت کو دیکھتے ہوئے سلنڈر میں کیو آر کوڈ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دراصل اکثر ایل پی جی صارفین سے یہ شکایت سکننے کو ملتی ہے کہ سلنڈر میں 2-1 کلو گیس کم رہتی ہے۔ شکایت کے باوجود صارفین کو یہ پتہ نہیں چل پاتا ہے کہ اس کا اثر کیا ہوا۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ گیس چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی نہیں ہو پاتی ہے۔ لیکن مرکزی حکومت کے نئے فیصلے کے بعد اب چوری کرنے والوں کا پتہ بھی چلے گا اور اس کے خلاف سخت قدم بھی اٹھایا جائے گا۔
مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے اس معاملے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اب ایل پی جی گیس سلنڈر سے گیس کی چوری کو روکنے کے لیے حکومت سلنڈر کو کیو آر کوڈ سے لیس کرنے جا رہی ہے۔ یہ کچھ حد تک آدھار کارڈ جیسا ہوگا۔ اس کیو آر کوڈ کے ذریعہ گیس سلنڈر میں موجود گیس کی ٹریکنگ کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اگر اب کوئی گیس سلنڈر میں گیس کی چوری کرتا ہے تو اسے ٹریک کرنا بھی بہت آسان ہو جائے گا۔
ہردیپ پوری نے ’ورلڈ ایل پی جی ویک 2022‘ کے خاص موقع پر ایل پی جی سلنڈر میں کیو آر کوڈ سے متعلق یہ اہم جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ جلد ہی سبھی ایل پی جی سلنڈر پر کیو آر کوڈ لگا دیا جائے گا۔ حکومت نے اس پروجیکٹ پر کام شروع بھی کر دیا ہے۔ تین ماہ کے اندر اس کام کو پورا کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔