قرآن کی خدمت کرنے والے اللہ کے منتخب اور معتمد بندے ہیں: مفتی ابوالقاسم نعمانی
دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث و مہتمم کے دست مبارک سے ناظم عمومی جمعیتہ علماء ہند کے صاحبزادگان حافظ ابوبکر اور حافظ محمود سلمہ کی دستار بندی۔
آج بتاریخ 14 فروری 2024 بروز بدھ مدرسہ یاسینیہ سراج العلوم کھڈا ضلع مظفر نگر کے سالانہ اجلاس عام کی اختتامی نشست میں حضرت اقدس مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی دامت برکاتہم مھتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند کے دست مبارک سے حافظ ابوبکر اور حافظ محمود سلمہ ابنِ مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ہند، اور مدرسہ سے امسال فارغ ہونے والے 19 حفاظ اور 5 حافظہ بچیوں کی دستار بندی عمل میں آئی۔
اس موقع پر حضرت والا نے فارغین اور عوام الناس سے ناصحانہ خطاب فرماتے ہوئے حافظ قرآن کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے فرمایا کہ اللہ تعالی نے قرآن مجید کی حفاظت کا وعدہ کیا ہے، یہی سبب ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچوں کے سینوں میں اس کو محفوظ کرنا آسان بنا دیا ہے۔ ہمارے شیخ و مرشد فرماتے تھے کہ بادشاہ وقت اگر کسی سے وعدہ کر لے کہ ہم تمہاری حفاظت کریں گے تو وہ خود تو حفاظت پر کھڑا نہیں ہو سکتا، بلکہ قریبی اور معتمد کو اس کام پر لگاتا ہے۔ اس لیے جن لوگوں اللہ تعالی نے اس کام کے لیے چنا ہے، وہ انتخاب سے ہی اللہ کا قرب حاصل کر لیتے ہیں۔ اس کا مطلب صاف ہے کہ قرآن کی خدمت کرنے والے اللہ تعالی کے معتمد اور منتخب بندوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے فرمایا کہ اس میں حفظ کرنے والے طلبہ ہی نہیں بلکہ ادارے کے ذمہ داران، معاونین اور متعلقین بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ قرآن کی خدمت سے ہی اللہ تعالی اپنے بندوں کا درجہ دنیا و آخرت میں بلند فرماتا ہے۔
قبل ازیں تشریف آوری کے موقع پر مدرسہ کے مہتمم قاری جعفر، گاؤں کے ذمہ داران، اساتذہ عظام کے علاوہ جمعیتہ یوتھ کلب کے نوجوانوں نے مولانا ابوالقاسم نعمانی اور مولانا حکیم الدی قاسمی کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر حضرت ناظم عمومی کے ہمراہ مولانا قاری احمد عبداللہ سکریٹری جمعیتہ یوتھ کلب، مولانا ازہر بن حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی، محمد معاذ عابد محمودی میرٹھ اور بھائی محمد سلیم موجود رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔