'جنہیں غدار کہا جاتا ہے وہ وزیر اعلیٰ بن جاتے ہیں'، بی جے پی رہنما کے بیان سے مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل
اُلہاس نگر سے بی جے پی کے ضلع صدر پردیپ رام چندانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب سیاست کا مطلب بدل چکا ہے، غدار لوگوں کو خدار کہنا پڑتا ہے۔ کمار آئلانی اس حلقہ سے دوبارہ امیدوار بنائے گئے ہیں۔
مہاراشٹر میں اسی ماہ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں انتخابی تشہیر زوروں پر ہے اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کی زبانی جنگ بھی تیز ہو چکی ہے۔ اسی درمیان اُلہاس نگر سے بی جے پی کے ضلع صدر پردیپ رام چندانی نے ایک بیان دے کر سیاسی گلیاروں میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ 'جنہیں غدار کہا جاتا ہے وہ وزیر اعلیٰ بن جاتے ہیں'۔
رام چندانی کے اس بیان سے بی جے پی اور شیو سینا (شندے) کے درمیان اسمبلی انتخاب سے قبل ایک بڑا تنازع پیدا ہو سکتا ہے۔ حالانکہ ابھی تک شندے گروپ کی طرف سے اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رام چندانی نے کہا کہ جن لوگوں نے غداری کی وہ ہماری پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں اور ہم انہیں خدار کہیں گے، اب سیاست کا مطلب ہی بدل چکا ہے۔ حالانکہ بیان کے بعد ہنگامہ مچنے پر بی جے پی رہنما نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ "میری تقریر کا الگ مطلب نکالا گیا ہے"۔
واضح ہو کہ اُلہاس نگر کے موجودہ رکن اسمبلی کمار آئلانی کو مہایوتی نے دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ اسی سلسلے میں ہفتہ کو بی جے پی کی طرف سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا۔
مہاراشٹر اسمبلی کی 288 سیٹوں پر 20 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے اور 23 نومبر کو اس کے نتائج سامنے آنے والے ہیں۔ ایسے میں شیو سینا (ادھو گروپ)، این سی پی (شرد پوار) اور کانگریس اتحاد والی مہاوکاس اگھاڑی انتخاب میں ایک طرف جہاں زور آزمائی کرنے والی ہے وہیں دوسری طرف شیو سینا (شندے گروپ)، بی جے پی اور اجیت پوار کی این سی پی اتحاد والی مہاوتی میدان میں ہے۔ دونوں ہی اتحاد اسمبلی انتخاب میں اپنی فتح کے لیے پُر امید ہیں۔ واضح ہو کہ 2022 میں شیو سینا سے ایکناتھ شندے اپنی پارٹی کے 40 اراکین اسمبلی کو توڑ کر بی جے پی کی حمایت سے وزیر اعلیٰ بن گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔