نواب ملک کا استعفیٰ مانگنے کا بی جے پی کو کوئی اخلاقی حق ہے ہی نہیں: بالاصاحب تھوراٹ
تھوراٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اس جبرکے خلاف مہاوکاس اگھاڑی متحدہ طو رپر سینہ سپر ہے اور نواب ملک کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کا بی جے پی کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
مہاراشٹر کی مخلوط حکومت کا الزام ہے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کے خلاف ای ڈی کے ذریعے کارروائی کی گئی ہے۔ وزیر محصول بالا صاحب تھوراٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اس جبرکے خلاف مہاوکاس اگھاڑی متحدہ طو رپر سینہ سپر ہے اور نواب ملک کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کا بی جے پی کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔جس کے بیٹے نے کسانوں کو اپنی گاڑیوں کے نیچے روند دیا، بی جے پی کو اس مرکزی وزیرکا استعفیٰ مانگنا چاہئے ۔
نواب ملک کی گرفتاری کی مذمت اور مرکزی حکومت کے جبر کے خلاف آج مہاوکاس اگھاڑی نے منترالیہ کے پاس بابائے قوم مہاتماگاندھی کے مجسمہ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بالاصاحب تھوراٹ نے کہا کہ نواب ملک کے خلاف 20 سال پہلے کے ایک کیس سے متعلق کچھ لنک جوڑ کر کارروائی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے جبر کے خلاف کانگریس پارٹی مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔نواب ملک سے استعفیٰ مانگنے والوں نے جب ان کی پارٹی کے وزیر پر کارروائی ہوئی تھی تو اس وقت استعفیٰ دیئے تھے کیا؟ اس کا انہیں پہلے جواب دینا چاہئے۔ جس کے بیٹے نے کسانوں کو اپنی گاڑی کے نیچے روند کر مارڈالا اس مرکزی وزیر کے استعفیٰ کے لئے بی جے پی کو احتجاج کرنا چاہئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔