تمل ناڈو: توتیکورِن تشدد کے خلاف اپوزیشن سراپا احتجاج

توتیکورن میں فیکٹری کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں پر پولس کی فائرنگ سے 13 افراد کی ہلاکت کے معاملہ پر ریاست میں ہنگامہ جاری ہے اور ریاست بھر میں اپوزیشن کی طرف سے بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

25 May 2018, 3:44 PM

مودی حکومت ویدانتا کی قانونی مددگار: کانگریس

کانگریس کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے۔ اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مودی حکومت ویدانتا کے کاپر پلانٹ کی توسیع میں قانونی مدد کر رہی ہے۔ کانگریس نے مزید کہا ہے کہ مودی حکومت کی ذہنیت صاف ہے کہ سرمایہ داروں کو انعام ملنا چاہئے، بھلے ہی ہندوستانیوں کو جان کی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

25 May 2018, 3:08 PM

دہلی ہائی کورٹ کی انسانی حقوق کمیشن کو ہدایت

دہلی ہائی کورٹ نے انسانی حقوق کمیشن کو توتیکورن پولس فائرنگ کی جانچ کا مطالبہ کرنے والے عرضی گزار کا مکتوب قبول کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عرضی گزار نے اس سے قبل انسانی حقوق کمیشن میں درخاست دے کر تمل ناڈو کے توتیکورن میں پولس فائرنگ میں 13 لوگوں کی موت کی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔

25 May 2018, 2:37 PM

توتیکورن میں انٹرنیٹ بحالی پر غور کریں: ہائی کورٹ

مدراس ہائی کورٹ میں آج توتیکورن تشدد کی سی بی آئی جانچ کے مطالبہ کے تعلق سے داخل عرضی پر سماعت ہوئی۔سنوائی کے دوران ہائی کورٹ ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ ساتھ ہی عدالت عالیہ نے توتیکورن میں انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے کی گزارت پر حکومت سے غور کرنے کو کہا۔ عدالت عالیہ نے ریاستی حکومت کو پولس فائرنگ میں زخمی افراد کو طبی خدمات دستیاب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

ادھر تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی طرف سے بلائے گئے بند کا وسیع پیمانے پر اثر دیکھنے کو ملا۔ آٹو رکشا آپریٹروں نے بند کی حمایت کی۔ کئی اضلاع میں دکانیں اور ہٹول بند نظر آئے۔ وہیں بند کے دوران کنیا کماری اور ناگپٹنم اضلاع میں سرکاری بسوں پر پٹھراؤ کے چھٹ پٹ واقعات بھی رونما ہوئے۔


25 May 2018, 11:45 AM

توتیکورِن تشدد کے خلاف اپوزیشن سراپا احتجاج

تمل ناڈو کے توتیکورن میں اسٹرلائٹ فیکٹری کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں پر پر پولس کی فائرنگ سے 13 افراد کی ہلاکتوں کے معاملہ پر ریاست میں ہنگامہ جاری ہے اور آج ریاست بھر میں اپوزیشن کی طرف سے بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ چینئی میں جمعہ کے روز کانگریس اور ڈی ایم کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے کالے اور لال رنگ کے پرچم تھام کر حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔

واقعہ کی مخالفت میں اپوزیشن رہنماؤں نے آج تمل ناڈو بند کا اعلان کیا ہے۔ ڈی ایم کے کی رہنما کنی موجھی نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بن چکی ہے اور اس کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ ریاست کے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ توتیکورن میں مظاہرین پر فائرنگ کا حکم آخر کس نے دیا! پولس کی اس کارروائی کے بعد سے تمل ناڈو میں آگ لگی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اس فیکٹری کی وجہ سے زیر زمین آبی سطح گر رہی ہے اور آس پاس کے علاقہ کی فضا آلودہ ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔