’یہ ملک کی وہ مٹی ہے جس میں میرے خاندان کا خون ملا ہوا ہے‘، رائے بریلی میں کانگریس کارکنان سے پرینکا گاندھی کا خطاب

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ہمیں ایک ساتھ مل کر امیٹھی-رائے بریلی میں انتخاب جیتنا ہے، میں بھی آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کروں گی، پورے ملک میں صرف کانگریس کی ہی فوج ہے جو لڑنا جانتی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/priyankagandhi">@priyankagandhi</a></p></div>

پرینکا گاندھی، تصویر@priyankagandhi

user

قومی آواز بیورو

’’یہ ملک کی وہ مٹی ہے جس میں میرے خاندان کا خون ملا ہوا ہے۔ یہ وہ پاکیزہ مٹی ہے جس کے لیے آپ کے آبا و اجداد نے جان دی۔ آج ہم عوام کے وقار اور ان کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اس لیے یہ لڑائی ہمیں مضبوطی کے ساتھ لڑنی ہوگی۔‘‘ یہ بیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے رائے بریلی میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہماری ایک خاصیت ہے کہ ہم سب میں لڑنے کی ہمت ہے۔ امیٹھی-رائے بریلی کے کارکنان مشکل سے مشکل حالات میں بھی کھڑا رہتا ہے اور ہمت نہیں ہارتا۔ اس لیے امیٹھی-رائے بریلی کا ہمیشہ سے اس ملک کی تاریخ میں علیحدہ مقام رہا ہے۔ ہر حالت میں یہاں کی عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی اور سچائی کو فتحیاب کیا ہے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ملک میں غریبوں اور کسانوں کو سرے سے مسترد کیا جا رہا ہے۔ نریندر مودی کی حکومت میں جو بھی پالیسیاں بن رہی ہیں، وہ عوام کے لیے نہیں بلکہ بڑے بڑے امراء کے لیے بن رہی ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’سچائی یہ ہے کہ آج کسان پِس رہا ہے، لوگ محنت کر رہے ہیں لیکن ان کی کمائی سے ضرورتیں پوری نہیں ہو رہی ہیں۔ بی جے پی حکومت بڑی بڑی باتیں تو کرتی ہے، لیکن لوگوں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی۔‘‘


رواں لوک سبھا انتخاب کو پرینکا گاندھی نے جمہوریت کو بچانے کی ایک لڑائی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے والے سبھی اداروں کو نریندر مودی حکومت نے کمزور کر دیا ہے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ عوام کے حقوق کمزور ہوں اور ان کی حکومت مضبوط ہوتی رہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ ’’مہاتما گاندھی اور پنڈت نہرو جیسے لیڈران نے تحریک چلائی تھی تاکہ عوام کے حقوق مضبوط ہوں۔ لیکن شاید وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ کبھی ایسی حکومت آئے گی جو انہی کو غدارِ وطن کہہ کر آئین ختم کرنے کی بات کہے گی۔‘‘

پرینکا نے کانگریس کارکنان سے خطاب کے دوران امیٹھی اور رائے بریلی دونوں جگہ کھڑے کانگریس امیدواروں کو بڑی کامیابی دلانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں ایک ساتھ مل کر امیٹھی-رائے بریلی میں انتخاب جیتنا ہے۔ میں بھی انتخاب میں آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کروں گی۔ اور پورے ملک میں صرف کانگریس کی ہی فوج ہے جو لڑنا جانتی ہے۔‘‘


گزشتہ لوک سبھا انتخاب میں اتر پردیش کی واحد لوک سبھا سیٹ رائے بریلی میں کانگریس کی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’رائے بریلی وہ قلعہ ہے جسے بی جے پی گزشتہ انتخاب میں گرا نہیں پائی، کیونکہ اس قلعہ کی حفاظت یہاں کی عوام نے کی تھی۔ رائے بریلی سے ہمیشہ پورے ملک میں ایک صحیح پیغام جاتا ہے۔ یہاں سے جو پیغام ملک میں جائے گا، اس کا ذکر پوری دنیا میں ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ ’’آپ کی لڑائی اپنے گاؤں کے لوگوں کے لیے ہے، شہروں کے لیے اور ملک و ریاست کے لیے ہے۔ یہ لڑائی اس مٹی کے لیے ہے، جس کے لیے بڑے بڑے لیڈران شہید ہوئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔