بی آر ڈی اسپتال : بچوں پر پھرموت کا قہر، 48 گھنٹوں میں 30 ہلاک

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

آکسیجن کی کمی اور لاپروائی کے سبب نوزائیدہ بچوں کی موت سے سرخیوں میں آیا اتر پردیش کا بابا راگھو داس یعنی بی آر ڈی اسپتال ایک بار پھر کٹہرے میں ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 30 نوزائیدہ بچوں کی موت نے یوگی حکومت کی بے حسی اور صحت کے شعبہ میں برتی جا رہی لاپروائی کو نہ صرف دوبارہ منظر عام پر لا دیا ہے بلکہ پچھلی غلطیوں سے سبق نہ سیکھنے کی ان کی ضد بھی منکشف ہو گئی ہے۔

بی آر ڈی اسپتال سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں 30 بچوں کی موت کے بعد معاملہ ایک بار پھر گرم ضرور ہو گیا ہے لیکن بچوں کی اموات کا سلسلہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔میڈیکل کالج کے انسیفلائٹس وارڈ کے سابق انچارج پروفیسر ڈی کے شریواستو نے ان اموات کی تصدیق بھی کی ہے۔

اس اسپتال میں بچوں کی اموات کا سلسلہ مہینوں سے چل رہا ہے اور اگر اس سال 12 اگست تک کے آنکڑوں کو نظر میں رکھا جائے تو وہ کچھ اس طرح ہے ۔ جنوری میں 661بچے اسپتال میں داخل ہوئے تھے جن میں سے 210کی موت ہو گئی ، فروری ماہ میں 631 بچے داخل ہوئے اور 180 کی موت ہوگئی، مارچ کے ماہ میں 822بچے داخل ہوئے جن میں سے 227کی موت ہو گئی ، اپریل ماہ میں 873بچے داخل ہوئے اور 186کی موت ہو گئی ، مئی ما ہ میں 943بچے داخل ہوئے اور 190کی موت ہو گئی ، جون ماہ میں 837بچے داخل ہوئے جن میں سے 208بچوں کی موت ہو گئی، جولائی ماہ میں 990بچے داخل ہوئے جن میں سے 193 بچوں کی موت ہو گئی اور 12اگست تک اگست ماہ میں 507بچے داخل ہوئے جن میں سے 133کی موت ہو گئی یعنی 12اگست تک اسپتال میں 6264بچے علاج کے لئے داخل ہوئے اور ان میں سے 1527بچے واپس گھر نہیں گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ڈی کے شریواستو نے ان سے بات چیت کے دوران کہا کہ 15 نوزائیدہ بچے ایک مہینے سے کم عمر کے تھے جب کہ بقیہ 15 میں سے 6 ایک مہینے سے زیادہ عمر کے تھے جن کی موت گزشتہ 48 گھنٹے میں انسیفلائٹس سے ہوئی ہے۔ بقیہ دیگر کی اموات کچھ دیگر اسباب سے ہوئیں۔

قابل ذکر ہے کہ چائلڈ ڈپارٹمنٹ میں گزشتہ چار دنوں میں 55 بچوں کی موت ہوئی ہے۔ اس میں 29 اموات این آئی سی یو یعنی نیونیٹل انٹنسیو کیئر یونٹ میں ہوئیں۔ چونکہ بی آر ڈی میڈیکل کالج کا چائلڈ ڈپارٹمنٹ ریاست میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں بچوں کے بہتر علاج کے لیے جانا جاتا ہے، اس لیے یہاں لگاتار ہو رہی اموات نے بی جے پی حکومت کی خراب کارکردگی کو عیاں کر دیا ہے۔ ان اموات نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ کیے گئے صحت سے متعلق دعوؤں کی قلعی بھی کھول دی ہے۔

واضح رہے کہ این آئی سی یو میں یکم سے 3 نومبر کے دوران کل 65 بچے داخل ہوئے تھے۔ ان میں سے 22 کی موت ہو چکی ہے۔ پیڈیاٹرک انٹنسیو کیئر یونٹ (پی آئی سی یو) میں 178 بچے اس مدت میں داخل ہوئے جن میں سے 21 کی موت ہو چکی ہے۔ 4 نومبر کوبھی چائلڈ ڈپارٹمنٹ میں 12 موتیں ہوئیں۔ ان میں سات مریضوں نے این آئی سی یو میں اور پانچ نے پی آئی سی یو میں آخری سانس لی۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Nov 2017, 2:01 PM