بلدیاتی انتخابات: تیسرا مرحلہ، کشمیر میں 3.5 اور جموں میں 81.4 فیصد ووٹنگ
اس مرحلے میں 365 امیدواروں کی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگئی ہے۔
سرینگر: جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت ہفتہ کے روز 16 اعشاریہ 4 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ تیسرے مرحلے میں 4 اضلاع پر محیط 7 بلدیاتی اداروں کے 96 حلقوں کے لئے پولنگ کا عمل بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
ریاستی پولس کے ایک ترجمان نے بتایا ’تیسرے مرحلے کی پولنگ بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے اپنے اختتام کو پہنچ گیا‘۔ انہوں نے بتایا ’پولنگ کا پورا دن مجموعی طور پر پرامن رہا اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی‘۔ 96 بلدیاتی حلقوں کے لئے 300 پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔
وادی کے اکثر پولنگ مراکز کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔ اس مرحلے میں 365 امیدواروں کی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگئی ہیں۔ چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا نے ہفتہ کی شام کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کی مجموعی شرح 16 اعشاریہ 4 فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے 40 بلدیاتی حلقوں میں3 اعشاریہ 5 فیصد جبکہ صوبہ جموں کے 56 بلدیاتی حلقوں میں 81 اعشاریہ 4 فیصد پولنگ درج کی گئی۔
شالین کابر کے مطابق وادی میں سب سے زیادہ 75 اعشاریہ 3 فیصد شرح پولنگ میونسپل کمیٹی اوڑی جبکہ سب سے کم ایک اعشاریہ 8 فیصد سری نگر میں درج کی گئی۔ جموں میں سب سے زیادہ 85 اعشاریہ 73 شرح پولنگ میونسپل کمیٹی بڑی برہمنا میں درج کی گئی۔ شالین کابرا نے کہا کہ تینوں مرحلوں میں اب تک 41 اعشاریہ 9 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے جس میں سے وادی میں 6 اعشاریہ 7 فیصد جبکہ جموں میں 68 اعشاریہ 4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے حلقہ نمبر 41 کے پولنگ مرکز نمبر 9 مخدوم صاحب میں ای او ایم کی بروقت بدلی نہ ہونے کی وجہ سے اس پولنگ مرکز پر 16 اکتوبر کو ازسر نو پولنگ ہوگی۔ انتخابی کمیشن کے مطابق وادی میں ہفتہ کو سری نگر میونسپل کارپوریشن کے 20 حلقوں، ضلع اننت ناگ کی میونسپل کمیٹی مٹن کے 7 حلقوں اور ضلع بارہمولہ کی میونسپل کمیٹی اوڑی کے 13 حلقوں کے لئے پولنگ ہوئی۔
صوبہ جموں کے ضلع سانبہ میں، رام گڑھ، وجے پور اور بڑی برہمنا قصبوں میں پولنگ ہوئی۔ ریاست میں ہفتہ کو سب سے زیادہ 81 اعشاریہ 4 فیصد پولنگ ضلع سانبہ میں درج کی گئی۔ سب سے کم 1 اعشاریہ 8 فیصد پولنگ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے 20 حلقوں میں درج کی گئی۔دوسرے نمبر پر ضلع اننت ناگ رہا جہاں 3 اعشاریہ 2 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ اننت ناگ میں میونسپل کمیٹی مٹن کے 7 حلقوں کے لئے پولنگ ہوئی۔
سری نگر میں پائین شہر کے عیدگاہ و خانیار اور بالائی شہر کے امیرا کدل حلقہ انتخاب میں پھیلے علاقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ کا عمل صبح چھ بجے سے شام کے چار بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ریاست میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت 8 اور 10 اکتوبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ 8 اکتوبر کو پہلے مرحلے میں پولنگ کی مجموعی شرح 56 اعشاریہ 7 فیصد درج کی گئی تھی۔
وادی میں ووٹنگ کی شرح محض ساڑھے آٹھ فیصد درج کی گئی تھی۔ 10اکتوبر کو دوسرے مرحلے میں پولنگ کی مجموعی شرح 31 اعشاریہ 3 فیصد درج کی گئی تھی۔ وادی میں ووٹنگ کی شرح محض 3 اعشاریہ 4 فیصد درج کی گئی تھی۔ انتخابی کمیشن کے مطابق اگرچہ تیسرے مرحلے کی نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست میں ہفتہ کے روز 207 بلدیاتی حلقوں میں پولنگ ہونی تھی، تاہم وادی کے 49 بلدیاتی حلقوں میں امیدوار بلامقابہ کامیاب ہوئے جبکہ 62 بلدیاتی حلقے ایسے ہیں جہاں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔اس وجہ سے پولنگ کے عمل سے گذرنے والے حلقوں کی تعداد گھٹ کر 96 رہ گئی۔
اگرچہ اس مرحلے کے تحت ضلع بانڈی پورہ کے قصبہ حاجن، ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور، ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال اور قصبہ اونتی پورہ ، ضلع اننت ناگ کے پہلگام، عشمقام اور سیر ہمدان قصبوں کو بھی پولنگ کے عمل سے گذرنا تھا، تاہم وہاں امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیے جانے اور مختلف بلدیاتی حلقوں میں کوئی امیدوار سامنے نہ آنے کی وجہ سے کوئی پولنگ نہ ہوئی۔ پہلے در مرحلوں کی طرح اس مرحلے میں بھی جہاں وادی کشمیر میں بہت کم لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، وہیں صوبہ جموں کے رائے دہندگان میں کافی جوش وخروش دیکھا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Oct 2018, 11:09 AM