تلنگانہ کانگریس کی تیسری فہرست میں 3 مسلم امیدوار
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے امیدواروں کی تیسری فہرست کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 13 امیدواروں میں تین مسلمان شامل ہیں۔ نظام آباد شہری حلقہ سے طاہر بن حمدان، بہادر پورہ سے کلیم بابا اور کاروان سے عثمان بن الہاجری کو پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔ صنعت نگر اسمبلی حلقہ کو تلگودیشم کے لئے چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے کانگریس کے سینئر لیڈر ششی دھر ریڈی کو ٹکٹ سے محروم ہونا پڑا۔
کانگریس نے اس حلقہ کو عظیم اتحاد میں شامل حلیف جماعت تلگودیشم کے لئے چھوڑ دیا جس پر تلگودیشم نے اس حلقہ کے لئے کے وینکٹیش گوڑ کو امیدوار بنایا۔ قبل ازیں کانگریس کی دو فہرست میں چار مسلمانوں کو ٹکٹ دیا گیا تھا اس طرح کل 7 مسلم امیدواروں کو کانگریس نے ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پونالہ لکشمیا سابق صدر تلنگانہ کانگریس کو اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔ ان کے نام کو جنگاوں اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کے لئے آل انڈیا کانگریس کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔
کانگریس نے امیدواروں کی تیسری فہرست کا اعلا ن ہفتہ کی صبح یعنی آج کیا۔ کانگریس نے تاحال 88 حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مزید چھ حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس طرح 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس کے امیدواروں کی کل تعداد 94 ہوجائے گی۔ بقیہ حلقے کانگریس نے اپنی حلیف جماعت تلگودیشم اور سی پی آئی کیلئے چھوڑ دیئے ہیں۔
جن امیدواروں کو ٹکٹ ملے ہیں وہ اس طرح ہیں۔ سویم باپو راؤ کو حلقہ بوتھ (ایس ٹی)، طاہر بن حمدان نظام آباد شہر، ڈاکٹر آر بھوپتی ریڈی کو نظام آباد دیہات، ای انل کمار کو بالکنڈہ، ڈی سریدھرریڈی کو ایل بی نگر، عثمان بن محمد الہاجری کو کاروان، کے راجندر راجو کو یاقوت پورہ، کلیم بابا کو بہادر پور، بی ہرش وردھن ریڈی کو کولاپور، بالونائیک کو دیورکنڈہ (ایس ٹی)، اے دیاکر کو تنگاترتھی(ایس سی)، پنالہ لکشمیا کو جنگاوں اور بی ہری پریہ نائک کو یلندو(ایس ٹی) حلقہ سے امیدوار بنایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔