شراب پالیسی معاملے میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ای ڈی کا تیسرا سمن، 3 جنوری کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ انہیں ایک کے بعد ایک سمن بھیج رہا ہے لیکن کیجریوال ایک بار بھی ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ اب ای ڈی نے سی ایم کیجریوال کو تیسرا سمن جاری کیا ہے

وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال / ویڈیو گریب
وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال / ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: شراب گھوٹالہ معاملے میں عام آدمی پارٹی کی مشکلات کم نہیں ہو رہی ہیں۔ اب یہ معاملہ سی ایم کیجریوال تک پہنچ گیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ انہیں ایک کے بعد ایک سمن بھیج رہا ہے لیکن کیجریوال ایک بار بھی ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ اب ای ڈی نے سی ایم کیجریوال کو تیسرا سمن جاری کیا ہے اور انہیں 3 جنوری کو حاضر ہونے کو کہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سی ایم کیجریوال وپاسنا (مراقبہ) کے لیے پنجاب کے ہوشیار پور پہنچے ہیں اور یہاں 10 دن تک وپاسنا میں رہنے والے ہیں۔ اس سے پہلے کیجریوال کو 21 دسمبر کو پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا گیا تھا۔

معلومات کے مطابق، دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال گزشتہ بدھ کو وپاسنا کے لیے گئے تھے۔ وہ ہوشیار پور کے محلاولی گاؤں میں واقع دھم دھوج وپاسنا سادھنا سینٹر میں 10 دن تک مراقبہ کریں گے۔


دہلی کے وزیر اعلیٰ 30 دسمبر تک پہلے سے طے شدہ وپاسنا پروگرام میں موجود رہیں گے۔ اس وجہ سے وہ 21 دسمبر کو ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ای ڈی نے انہیں مبینہ شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں 21 دسمبر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

یہ لگاتار دوسرا موقع تھا جب وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ای ڈی کے سمن پر پوچھ گچھ میں شریک نہیں ہوئے۔ اس سال 16 اپریل کو ای ڈی نے دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالے میں اروند کیجریوال سے تقریباً 9 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔

مرکزی ایجنسی نے انہیں پوچھ گچھ کے لیے 2 نومبر کو سمن جاری کیا تھا لیکن وہ 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں مصروف ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ای ڈی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے۔ اس کے بعد 18 دسمبر کو ای ڈی نے انہیں دوبارہ سمن جاری کیا اور 21 دسمبر کو حاضر ہونے کو کہا، لیکن سی ایم کیجریوال ایک بار پھر ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔