پھر ہوگی دو عید، کسی نے کیا چاند نہ دیکھے جانے کا اعلان تو کسی نے دیکھے جانے کا!

بیشتر ہلال کمیٹیوں نے 12 مئی کو شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے، لیکن اتر پردیش واقع گھوسی ضلع مئو کی رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی شہادت رویت شرعی سے ثابت ہونے کی بات کہی ہے۔

عید کا چاند دیکھتے ہوئے علماء حضرات
عید کا چاند دیکھتے ہوئے علماء حضرات
user

تنویر

مختلف چاند کمیٹیوں اور مسلم اداروں کی جانب سے آج شوال المکرم کا چاند نہیں دیکھنے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں، لیکن اتر پردیش واقع گھوسی ضلع مئو کا ایک پریس بیان سامنے آیا ہے جس میں چاند دیکھے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس خبر سے ایک بار پھر دو دن عید ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ دراصل رویت ہلال کمیٹی (گھوسی، ضلع مئو ، یو پی) کا جو پریس بیان سوشل میڈیا پر گشت کر رہا ہے اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’قاضی شہر گھوسی حضور محدث کبیر علامہ مفتی ضیاء المصطفےٰ قادری دام ظلہ صدر رویت ہلال کمیٹی گھوسی کی جانب سے اعلان کیا جاتا ہے کہ 29 رمضان 1442ھ، 12 مئی 2021 بدھ کو شوال المکرم 1442ھ کے چاند کی رویت شہادت شرعی سے ثابت ہو چکی ہے۔ اس لیے 13 مئی 2021ء جمعرات کو عیدالفطر ہے۔‘‘ ساتھ ہی نوٹ کی شکل میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’یہ اعلان شہر گھوسی اور مضافات گھوسی کے لیے ہے۔‘‘

پھر ہوگی دو عید، کسی نے کیا چاند نہ دیکھے جانے کا اعلان تو کسی نے دیکھے جانے کا!

حالانکہ رویت ہلال کمیٹی، گھوسی کے علاوہ دیگر کسی بھی رویت ہلال کمیٹی کے ذریعہ چاند دیکھے جانے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ بہار، یو پی، دہلی، آندھرا پردیش اور مہاراشٹر وغیرہ ریاستوں کے علماء نے شوال المکرم کا چاند نہیں دیکھے جانے کی بات کہی ہے۔ مرکزی چاند کمیٹی، فرنگی محل (لکھنؤ) کی جانب سے ایک پریس بیان جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’مرکزی چاند کمیٹی فرنگی محل کے صدر، قاضی شہر مولانا خالد رشید فرنگی محلی امام عیدگاہ لکھنؤ نے اعلان کیا ہے کہ آج 29 رمضان المبارک 1442ھ مطابق 12 مئی 2021ء کو شوال المکرم کا چاند نہیں ہوا ہے اور ابھی آٹھ بجے شب تک کہیں سے چاند کی تصدیق بھی نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے کل 30واں روزہ ہے اور عیدالفطر 14 مئی 2021 کو ہوگی۔‘‘ ساتھ ہی پریس بیان میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’اگر مذکورہ وقت کے بعد کہیں سے تصدیق ہوگی تو پھر اعلان کیا جائے گا۔‘‘

پھر ہوگی دو عید، کسی نے کیا چاند نہ دیکھے جانے کا اعلان تو کسی نے دیکھے جانے کا!

جمعیۃ علماء سکرہنہ ڈھاکہ (مشرقی چمپارن) کی جانب سے بھی ایک پریس ریلیز جاری کیا گیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’حضرت مولانا عبدالسلام صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء مشرقی چمپارن، حضرت مولانا جاوید عالم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مشرقی چمپارن، مولانا نذرالمبین ندوی امام و خطیب جامع مسجد ڈھاکہ، مولانا محمد امان اللہ مظاہری صدر جمعیۃ علماء سکرہنہ، مولانا صدر عالم ندوی سکریٹری جمعیۃ علماء سکرہنہ کی جانب سے مشترکہ اعلان کیا جاتا ہے کہ 29 رمضان المبارک 1442ھ مطابق 12 مئی 2021ء بروز بدھ ضلع کے مختلف حصوں میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی مختلف رویت ہلال کمیٹی سے رابطہ بھی کیا گیا۔ کہیں سے اچند دیکھے جانے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ لہٰذا کل 13 مئی 2021ء بروز جمعرات رمضان المبارک کی 30 تاریخ ہوگی اور بروز جمعہ 14 مئی 2021 کو شوال المکرم کی پہلی تاریخ ہوگی۔‘‘

دارالقضاء امارت شرعیہ، وجے واڑہ، آندھرا پردیش کی جانب سے بھی چاند نہ دیکھے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔ ادارہ نے پریس ریلیز میں لکھا ہے کہ ’’مفتی سید عبدالرحیم قاسمی، قاضی شرعیت درالقضاء، امارت شرعیہ وجے واڑہ، آندھرا پردیش نے اعلان کیا ہے کہ 29 رمضان المبارک 1442ھ مطابق 12 مئی 2021 بروز بدھ وجے واڑہ اور اس کے مضافات میں چاند دیکھنے کا نظم کیا گیا لیکن چاند نظر نہیں آیا، ملک کے دیگر مقامات سے بھی رابطہ کیا گیا مگر کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اس لیے 30 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے مورخہ 14 مئی 2021 بروز جمعہ ماہ شوال المکرم کی پہلی تاریخ قرار پائی۔‘‘


مرکزی دارالقضاء، امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف، پٹنہ نے بھی عیدالفطر کا چاند نظر نہ آنے کی بات اپنی پریس ریلیز میں کہی ہے۔ مرکزی دارالقضاء نے لکھا ہے کہ ’’حضرت مولانا محمد انظار عالم قاسمی صاحب قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف، پٹنہ نے اعلان کیا ہے کہ مورخہ 29 رمضان المبارک 1442ھ مطابق 12 مئی 2021ء روز بدھ کو مرکزی دفتر امارت شرعیہ اور اس کی تمام شاخوں میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، مگر مطلع صاف نہ ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا۔ اور ملک کے دیگر مقامات سے بھی رابطہ کیا گیا، لیکن اکثر جگہ مطلع صاف ہونے کے باوجود کہیں سے بھی چاند دیکھے جانے کی خبر موصول نہیں ہوئی۔ اس لیے 30 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے تمام مسلمان 14 مئی 2021ء روز جمعہ کو عیدالفطر کی نماز ادا کریں۔

پھر ہوگی دو عید، کسی نے کیا چاند نہ دیکھے جانے کا اعلان تو کسی نے دیکھے جانے کا!

علاوہ ازیں شاہی مسجد فتح پوری (دہلی)، خانقاہ عمادیہ قلندریہ (بہار)، خانقاہ مجیبیہ (بہار)، الجمعیۃ الاشرفیہ (مبارک پور، یو پی)، مرکزی جمعیۃ اہل حدیث ہند (دہلی) وغیرہ نے بھی شوال المکرم کا چاند نہ دیکھے جانے کی بات کہی ہے۔ گویا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں عیدالفطر 14 مئی بروز جمعہ ہی ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 May 2021, 8:48 PM