دہلی-این سی آر میں 24 مارچ سے پھر ہوگی بارش اور ژالہ باری! محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہمالیہ میں ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس سرگرم ہو گیا ہے جس کا اثر 24 مارچ کو نظر آئے گا۔ پنجاب، ہریانہ، یوپی، راجستھان اور دہلی میں شدید بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے
نئی دہلی: مارچ کے مہینے میں بارشوں کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہونے جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہمالیہ میں ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس سرگرم ہوگیا ہے جس کا اثر 24 مارچ کو نظر آئے گا۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، راجستھان اور دہلی میں شدید بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یوپی کے 57 اضلاع میں تیز بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی، جس کے پیش نظر ریاست کے 9 اضلاع کے لئے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یوپی کے شراوستی، لکھیم پور کھیری، سیتا پور ہردوئی، بہرائچ، فرخ آباد، گونڈا، بلرام پور اور بارہ بنکی کے لئے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مغربی بنگال، سکم اور شمال مشرقی ہندوستان میں 23 مارچ تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ بے موسمی بارشوں سے فصلوں کو پہلے ہی کافی نقصان ہو چکا ہے۔ ہریانہ، مہاراشٹر، پنجاب، یوپی میں گندم کی فصل تباہ ہو چکی ہے۔ اب نئے بارشوں کے سلسلہ کی پیشن گوئی یقینی طور پر کسانوں کی تشویش میں اضافہ کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔