جیند ضمنی انتخاب: ’کانگریس امیدوار سرجے والا کی جیت سے پسماندگی دور ہوگی‘
اشوک تنور نے کہا، ’’جیند میں سیوریج نہیں، سڑکیں ٹوٹی پڑی ہیں اور لوگوں کو سرسہ اور فتح آباد کی طرح نہر کا پانی نہیں مل رہا ہے، اب جیند کی پسماندگی دور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘
جیند: ہریانہ میں کانگریس کے ریاستی صدر اشوک تنور نے کہا ہے کہ ضلع جیند کی پسماندگی کو دور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ کانگریس کے امیدوار رندیپ سنگھ سرجے والا ہی ضلع کو ترقی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جیند میں سیوریج نہیں، سڑکیں ٹوٹی پڑی ہیں اور لوگوں کو سرسہ اور فتح آباد کی طرح نہر کا پانی نہیں مل رہا ہے۔ جب ریاست میں کانگریس کی حکومت بنے گی تو اس کی ترقی ہوگی۔ جیند کی پسماندگی دور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈا کے گھر پر چھاپہ ماری کی کاروائی کے خلاف کانگریس سڑکوں پر اترے گی اور ہر غلط اقدام کی مخالفت کی جائے گی۔ تنور آج جیند کے دیہات انچل میں مختلف نکڑ ریلیوں سے خطاب کر رہے تھے۔
ہڈا کے خلاف چھاپے ماری پر انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سب سے پرانی پارٹی ہے۔ ہم انگریزوں سے نہیں ڈرے تو آج کسی سے کیوں ڈریں گے۔ ہم آج بھی مضبوطی سے ڈٹے ہوئے ہیں اور چیلنجیز کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ہریانہ کو پیچھے کر دیا۔
تنور نے کہا کہ اس زمین پر جہاں ہم کھڑے ہیں، یہاں سے کچھ دوری پر بی جے پی نے میڈیکل کالج بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ اب کھٹر حکومت بتائے کہ یہاں اب تک میڈیکل کالج کی تعمیر کیوں نہیں ہوئی۔ مرکز نے اس کی منظوری کیوں نہیں دی۔ بی جے پی اب بھی جیند کے عوام کو بڑے بڑے خواب دکھا رہی ہے۔ لیکن جیند کے عوام اب ان کی باتوں میں نہیں آنے والے۔ انڈین نیشنل لوک دل بھی بڑی بڑی باتیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں ضلع جیند میں ترقی کی نئی جہتیں کھلیں گی۔ جیند دھرتی پر ہزاروں کروڑ روپیے کی سرمایہ کاری کے ذریعہ بڑی بڑی فیکٹریاں بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کانگریس پارٹی کا نہیں، رندیپ سنگھ سرجے والا کا ہے۔ در حقیقت یہ الیکشن آپ کا ہے اور اس الیکشن میں رندیپ سرجے والا کو ووٹ دے کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔