ملک میں 23 مئی کو بی جے پی حکومت کا خاتمہ ہوگا: غلام احمد میر
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ جموں میں ان کی دونوں نشستوں پر ہار طے ہے۔
سری نگر: جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ ملک میں 23 مئی کو بی جے پی حکومت کا خاتمہ ہوگا اور جموں و کشمیر سے اس جماعت کو ایک بھی سیٹ ملنے والی نہیں ہے۔
بدھ کے روز یہاں پارٹی دفتر پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ جموں میں ان کی دونوں نشستوں پر ہار طے ہے۔ میر نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے کہا 'نیشنل کانفرنس نے جموں میں دو سیٹیں کانگریس کے لئے چھوڑی ہیں اور کانگریس نے سری نگر کی پارلیمانی نشست نیشنل کانفرنس کے لئے چھوڑی ہے اور باقی سیٹوں پر کھل کر مقابلہ ہوگا'۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے بارہمولہ اور اننت ناگ پارلیمانی نشستوں کے لئے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں اور کانگریس بھی بہت جلد ان نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان نشستوں پر دونوں پارٹیاں کھل کر لڑیں گی اور کوئی الائنس یا دوستانہ مقابلہ نہیں ہوگا۔
میر نے سینئر کانگریس لیڈر شام لال شرما کی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا 'شام لال شرما بی جے پی میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے یہ میڈیا، جیسا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ کرپٹ میڈیا ملک میں سفید کو کالا بنارہا ہے'۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس بی جے پی کے کئی لیڈر جن میں سابق کابینی وزیر، سابق ایم ایل اے اور بڑے بڑے لیڈر شامل ہیں، بہت جلد کانگریس کے خیمے میں شامل ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل جموں میں نیشنل کانفرنس کے صدر داکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پرمنعقدہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں پارٹیوں کے لیڈروں نے کہا تھا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان بارہمولہ، اننت ناگ اور لداخ کی پارلیمانی نشستوں پر دوستانہ مقابلہ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔