کھلاڑیوں کے جنسی استحصال پر ہنگامہ، جئے رام رمیش نے پی ایم مودی سے پوچھا ’کیا بی جے پی سے بیٹیوں کو بچانا ہے؟‘

جئے رام رمیش نے پی ایم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کل آپ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے لیے بہتر ماحول بنا ہے، کیا یہی ہے بہتر ماحول جس میں ملک کا نام روشن کرنے والی بیٹیاں بھی محفوظ نہیں ہیں؟‘‘

<div class="paragraphs"><p>جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی کے جنتر منتر پر مشہور پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے خلاف محاذ کھولا ہوا ہے۔ ڈبلیو ایف آئی سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی استحصال کے الزام پر کانگریس نے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس تعلق سے کہا کہ بیٹیوں پر مظالم کرنے والے بی جے پی لیڈران کی فہرست ناتمام ہے۔

جئے رام رمیش نے اس تعلق سے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’کلدیپ سینگر، چنمیانند، باپ-بیٹے ونود آریہ-پلکت آریہ... اور اب یہ نیا معاملہ! بیٹیوں پر مظالم کرنے والے بی جے پی لیڈروں کی فہرست ناتمام ہے۔ کیا ’بیٹی بچاؤ‘ بیٹیوں کو بی جے پی لیڈروں سے بچانے کی تنبیہ تھی! وزیر اعظم جی، جواب دیجیے۔‘‘


کانگریس جنرل سکریٹری نے ایک دیگر ٹوئٹ میں پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وزیر اعظم جی، بیٹیوں پر مظالم کرنے والے سارے بی جے پی والے ہی کیوں ہوتے ہیں؟ کل آپ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے لیے بہتر ماحول بنا ہے۔ کیا یہی ہے ’بہتر ماحول‘ جس میں ملک کا نام روشن کرنے والی بیٹیاں بھی محفوظ نہیں ہیں؟‘‘

اس سے قبل کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی ملک کی شان ہیں۔ عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے وہ ملک کا وقار بڑھاتے ہیں۔ کشتی فیڈریشن اور اس کے سربراہ پر کھلاڑیوں نے جنسی استحصال کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی آواز سنی جانی چاہیے۔


واضح رہے کہ بجرنگ پونیا، ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ سمیت کئی دیگر پہلوانوں نے ڈبلیو ایف آئی سربراہ برج بھوشن سنگھ کے خلاف محاذ کھولا ہے۔ خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے برج بھوشن سنگھ پر خاتون کھلاڑیوں کے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔ ساتھ ہی یہ سبھی برج بھوشن کو سربراہ عہدہ سے برخواست کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر کئی سنگین الزامات عائد کیے۔ مظاہرہ میں شامل مشہور پہلوان ونیش پھوگاٹ نے ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا الزام عائد کیا۔ پھوگاٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ برج بھوشن کے ذریعہ ذہنی استحصال سے متاثر تھیں، یہاں تک کہ انھوں نے خود کشی کرنے پر بھی غور کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔