دہلی کی آلودہ ہوا سے پریشان لوگوں کو فی الحال راحت نہیں، سردی آنے کا بھی کرنا ہوگا مزید انتظار

ہفتہ کو مسلسل 11ویں دن دہلی کا اوسط اے کیو آئی 300 کے اوپر یعنی 'انتہائی خراب' زمرے میں درج کیا گیا ہے۔ صبح اور شام کے وقت فضا میں گہرا کہرا دکھائی دے رہا ہے۔

فضائی آلوگی، تصویر آئی اے این ایس
فضائی آلوگی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں فضائی آلودگی سے پریشان لوگوں کو فی الحال راحت ملنے کی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔ ہفتہ کو مسلسل 11ویں دن اوسط اے کیو آئی 300 کے اوپر یعنی 'انتہائی خراب' زمرے میں رہا۔ یہاں کی ہوا میں آلودگی والے ذرّات کی سطح ڈھائی گنا سے بھی زیادہ بنی ہوئی ہے۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے اس بار ٹھنڈ بھی دیر سے آنے کے آثار ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر کے 8 دن گزر چکے ہیں لیکن اب تک درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری زیادہ ہے۔ یہ تبدیلیٔ آب ہوا کا اثر ہے۔ دوسری طرف راجدھانی کے زیادہ تر علاقوں کا اے کیو آئی انتہائی خراب زمرے میں بنا ہوا ہے۔ خاص طور پر صبح اور شام کے وقت فضا میں گہرا کہرا دیکھا جا رہا ہے۔ اس میں دھوئیں اور آلودگی کے ذرات بھی موجود ہیں۔ کہرے کے سبب دکھائی دینے کی سطح بھی متاثر ہو رہی ہے۔ دم گھٹنے والی ہوا کی وجہ سے لوگ سانس لینے میں دقت، ناک، آنکھ اور گلے میں جلن جیسی پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق ہفتہ کو دہلی کا اوسط اے کیو آئی 352 پوانٹس پر رہا۔ اس سطح کی ہوا انتہائی خراب زمرے کی مانی جاتی ہے۔ ایک دن قبل یعنی جمعہ کو یہ انڈیکس 380 کے پوائنٹس پر رہا تھا۔


اگلے پانچ سے چھ دنوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری سیلسیس تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ دہلی میں اچھے مانسون کے باوجود اس بار ٹھنڈ کی باقاعدہ آمد نہیں ہو سکی ہے۔ اکتوبر کا مہینہ دہلی میں 73 سال میں سب سے زیادہ گرم رہا تھا۔ اب نومبر میں بھی گرمی کا احساس ہو رہا ہے۔ یہاں کے زیادہ تر علاقوں میں ابھی صبح کے وقت ہلکا کہرا رہتا ہے لیکن دن چڑھنے کے ساتھ ہی دھوپ نکل آتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔