مرکز پارلیمنٹ کے علاوہ کوئی دوسرا الیکشن کرانے کے موڈ میں نہیں: عمر عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں الیکشن کرانے کے حق میں اس لئے نہیں ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں الیکشن کرانے کے حق میں اس لئے نہیں ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف کشمیر کے لوگ بلکہ جموں کے لوگ بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مرکز جموں وکشمیر میں پارلیمنٹ کے علاوہ کوئی دوسرا الیکشن کرانے کے موڈ نہیں ہے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: 'ہم پہلے دن سے کہتے آئے ہیں کہ یہ لوگ (مرکز) الیکشن کرانے کے موڈ میں نہیں ہیں کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں'۔ان کا کہنا تھا: 'نہ صرف کشمیر بلکہ جموں کے لوگ بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے'۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے علاوہ شایدہ یہ لوگ کوئی دوسرا الیکشن کرانے کے موڈ میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا: 'لوگ بی جے پی کو ووٹ کے ذریعے سزا دیں گے'۔جموں میں اپوزیشن کی میٹنگ منعقد ہونے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ جان بوجھ کر جموں میں رکھی گئی ہے ورنہ جموں والوں کو نظر انداز کرنے کی شکایت رہتی ہے۔پولیس سربراہ کے جموں وکشمر میں حالات ٹھیک ہونے کے بیان کے بارے میں انہوں نے کہا: 'ہم سب چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر ٹیرر فری ہونا چاہئے ہم بھی اس کے لئے اپنا رول ادا کریں گے لیکن بیان بازی سے کچھ نہیں ہوگا'۔
ان کا کہنا تھا کہ کوکرناگ واقعے سے پتہ چلا کہ حالات کیسے ہیں کافی عرصے کے بعد ہمارے سینئر افسروں کو مارا گیا جو کوئی معمولی بات نہیں ہے'۔انہوں نے کہا: 'جموں و کشمیر کو ٹیرر فری کرنے کے بعد افسپا کو ہٹائیں'۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے بعد سب سے زیادہ قربانی جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ن دی ہے۔انہوں نے کہا: 'ملی ٹنٹوں کے ہاتھوں ہمارے ہزاروں کی تعداد میں ہمارے ورکر مارے گئے'۔انڈیا اور کینڈا کے درمیان تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے موصوف نائب صدر نے کہا: 'یہ افسوس کی بات ہے دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات تھے اور اب رشتوں میں تنائو اچھی بات نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا: 'اگر کینڈا کہتا ہے کہ ہم نے وہاں کوئی واقعہ کروایا تو ان کو اس کا ثبوت پیش کرنا چاہئے'۔جموں و کشمیر میں الیکشن کرانے کی ضرورت کے بارے میں ان کا کہنا تھا: 'صرف ایل جی صاحب کو ضرورت نہیں ہے باقی جموں وکشمیر کے لوگ وہ چاہتے ہیں کہ یہاں الیکشن ہونے چاہئے'۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔