’معاوضہ اور انشورنس میں فرق ہوتا ہے‘، اگنی ویر اجئے سے متعلق راہل گاندھی نے مودی حکومت کو پھر کٹہرے میں کھڑا کیا

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ شہید اگنی ویر اجئے کمار کے کنبہ کو آج تک حکومت کی طرف سے کوئی معاوضہ نہیں ملا، شہید اجئے کمار کے کنبہ کو صرف انشورنس کمپنی کی طرف سے ادائیگی کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر اگنی ویر اجئے کمار معاملہ پر ویڈیو پیغام جاری کر مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ دراصل راہل گاندھی نے گزشتہ دنوں لوک سبھا میں اگنی ویر کا ایشو اٹھایا تھا اور شہید اگنی ویر اجئے کمار کا نام لے کر کہا تھا کہ انھیں حکومت کی طرف سے کوئی معاوضہ نہیں ملا۔ جواب میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جانکاری دی تھی کہ اگنی ویر کو ایک کروڑ روپے دیے جا چکے ہیں۔ اس معاملے میں فوج کے ذریعہ بھی جانکاری دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اگنی ویر اجئے کمار کے اہل خانہ کو 98 لاکھ سے زیادہ روپے دیے جا چکے ہیں اور مزید رقم دیا جانا ابھی باقی ہے۔

اس معاملے میں اب راہل گاندھی نے تازہ ویڈیو جاری کر دعویٰ کیا ہے کہ جو پیسے شہید اجئے کمار کے کنبہ کو ملے ہیں، وہ دراصل انشورنس کے پیسے ہیں اور انشورنس و معاوضہ میں فرق ہوتا ہے۔ اس سے قبل اگنی ویر اجئے کے والد چرنجیت سنگھ نے بھی جمعرات کو بتایا تھا کہ انھیں تقریباً ایک کروڑ روپے معاشی امداد حاصل ہوئی ہے۔ چرنجیت نے یہ بھی مطلع کیا تھا کہ 50 لاکھ روپے انھیں انشورنس کے ملے تھے اور دوسری بار 10 جون کو 48 لاکھ روپے ملے۔


اب راہل گاندھی نے اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ شہید اگنی ویر اجئے کمار کے کنبہ کو آج تک حکومت کی طرف سے کوئی معاوضہ نہیں ملا۔ معاوضہ اور بیمہ میں فرق ہوتا ہے۔ شہید کے کنبہ کو صرف انشورنس کمپنی کی طرف سے ادائیگی کی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے ’ایکس‘ ہینڈل پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں یہ بھی کہا ہے کہ جو امداد شہید اجئے کمار کے کنبہ کو ملنی چاہیے تھی، وہ نہیں ملی۔ ملک کے لیے جان دینے والے ہر شہید کے کنبہ کا احترام کیا جانا چاہیے، لیکن مودی حکومت ان کے ساتھ تفریق کر رہی ہے۔ حکومت کچھ بھی کہے، یہ قومی سیکورٹی کا معاملہ ہے اور میں اسے اٹھاتا رہوں گا۔ انڈیا بلاک فوج کو کبھی کمزور نہیں ہونے دے گا۔

اس سے قبل راہل گاندھی نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ سچائی کی حفاظت ہر مذہب کی بنیاد ہے، لیکن وزیر دفاع نے شہید اگنی ویر کے کنبہ کو مدد ملنے کے بارے میں پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا۔ ان کے جھوٹ پر شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے والد نے خود بھی بیان دیا تھا اور سچائی لوگوں کے سامنے رکھی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔