’بی جے پی شاہین باغ خاتون مظاہرہ کو بدنام کرنے کی سازش کر رہی ہے‘

بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ویڈیو کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ہندوستان کی آزادی کو ختم کرنے کے لئے شاہین باغ میں سازش رچی جا رہی ہے۔ ہمارے پاس اس کے پختہ ثبوت ہیں“۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی شہریت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ مظاہرے کو جہاں ایک طرف میڈیا کے ایک طبقہ کی طرف سے نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی اس کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے جس میں بی جے پی کا ’دشاہین (بے سمت) باغ کہنا اور دہلی کے شاہین باغ میں ملک مخالف سازش رچی جانے والی بات شامل ہے۔

اس پر سخت ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے شاہین باغ خاتون مظاہرین نے کہا کہ بی جے پی یہ سازش کر رہی ہے کہ شاہین باغ خواتین مظاہرہ کو بدنام کرکے اسے سبوتاژ کیا جائے اور اس بہانے ملک میں جاری ہندو مسلم اتحاد، مشترکہ تہذیب و ثقافت اور مشترکہ اقدار کوختم کرنا ہے جو شاہین باغ خواتین مظاہرے کی وجہ سے ملک میں نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس سے پہلے شاہین باغ خاتون مظاہرین پر پیسے لیکر مظاہرہ کرنے کا گھناؤ نا الزام لگا چکی ہے جس پر اسے ہتک عزت کا نوٹس بھیجا جاچکا ہے۔


انہوں نے کہا کہ شاہین باغ خاتون مظاہرین کی وجہ سے ملک میں سو سے زائد مقامات پر صرف خواتین کا مظاہرہ جاری ہے اور ہر روز اس میں دسیوں مقامات کا اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ تحریک پورے ملک میں پھیل چکی ہے اور ضلع سطحً سے لیکر اب قصبوں اور گاؤں تک پھیل چکی ہے۔ اس کی وجہ سے بی جے پی پوری طرح بوکھلا گئی ہے اور وہ اپنے پرانے طریقے سے جھوٹی افواہ پھیلانا، ملک کے خلاف نعرے لگانا جیسے پرانے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین حب الوطنی کی مثال پیش کر رہا ہے اور صبح شروعات قومی ترانہ جن من گن سے ہوتی ہے اور حب الوطنی اور انقلابی نعرے لگائے جاتے ہیں۔

پیپلز آف ہوپ کے چیرمین اور سماجی کارکن رضوان احمد نے کہا کہ شاہین باغ یا ملک کے دیگر حصوں میں قومی شہریت (ترمیمی)قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جاری مظاہروں میں لگنے والے آزادی کے نعرے سے بی جے پی اس لئے پریشان ہے کیوں کہ جنگ آزادی میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا بلکہ اس کے رہنما انگریزوں کی مخبری کرتے ہوئے پائے گئے تھے۔ اس لئے خواہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ہوں یا بی جے پی کا کوئی دوسرا آزادی کے نعرے سے بوکھلائے ہوئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ شاہین باغ مظاہرہ علامت بن چکا ہے اور یہ گنگا جمنی تہذیب کی مثال بن چکا ہے یہاں ہون بھی ہوتا ہے، قرآن کی تلاوت بھی، سکھ کیرتن ارداس بھی کرتے ہیں اور عیسائی بائبل بھی پڑھتے ہیں۔ یہاں خطاب کرنے والوں میں ہندو مسلم، سکھ عیسائی اور تمام طبقے کے لوگ شامل ہیں جو یہاں آکر اس کالے قانون کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی والے فرضی ویڈیو بنواکر وائرل کرواتے ہیں اور پھر اس ویڈیوں کی بنیاد پر بیان دیکر شاہین باغ کو بدنام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پارٹی کے ترجمان سمبت پاترا نے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ویڈیو کا ذکر کرتے ہوئے ہفتہ کے روز یہاں کہا، ہندوستان کی آزادی کو ختم کرنے کے لئے شاہین باغ میں سازش رچی جا رہی ہے۔ ہمارے پاس اس کے پختہ ثبوت ہیں“۔ انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو میں ایک مقرر لوگوں سے آسام کا ملک کے باقی حصوں سے رابطہ توڑنے کی اپیل کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔