مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال سے غم میں ڈوبا عالم اسلام، سماجی و سیاسی شخصیات کا اظہارِ تعزیت
اسدالدین اویسی نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے معزز صدر و محافظ شریعت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کا وصال قوم و ملّت کے لئے عظیم خسارہ ہے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال کی خبر جیسے ہی جمعرات کے روز منظر عام پر آئی، عالم اسلام میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مولانا رابع حسنی ندوی نے لکھنؤ کے ڈالی گنج واقع ندوہ مدرسہ میں آخری سانس لی۔ دراصل مولانا طویل عرصہ سے علیل چل رہے تھے اور انھیں رائے بریلی سے کچھ دنوں پہلے بغرض علاج لکھنؤ لایا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مولانا رابع حسنی ندوی کو رائے بریلی کے تکیہ علاقہ میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ اس درمیان بڑی تعداد میں سماجی و سیاسی شخصیتوں نے مولانا کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ نیچے پیش ہیں کچھ اہم شخصیات کے تعزیتی پیغامات۔
اکھلیش یادو، سابق وزیر اعلیٰ، یوپی:
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا رابع حسنی ندوی صاحب کا انتقال، بے حد افسوسناک۔ مرحوم کی روح کو ایشور امن و سکون دے۔ غمزدہ کنبہ کے تئیں گہری ہمدردی۔ دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت۔
مایاوتی، سابق وزیر اعلیٰ، یوپی:
لکھنؤ کے عالمی شہرت یافتہ دارالعلوم ندوۃ العلما کے سربراہ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر اور مولانا علی میاں کے قریبی سید محمد رابع حسنی ندوی کے آج انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے گھر والوں اور دنیا بھر میں رہنے والے ان کے تمام چاہنے والوں کے تئیں میری گہری ہمدردی۔
سلمان ندوی، اسلامی اسکالر:
حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت کی مغفرت فرمائے اور اعلی علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ نماز جنازہ رات دس بجے دار العلوم ندوۃ العلماء میں ادا کی جائے گی کل بروز جمعہ صبح تکیہ کلاں رائے بریلی میں تدفین عمل میں آئے گی۔
اسدالدین اویسی، سیاستداں:
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے معزز صدر و محافظ شریعت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کا وصال قوم و ملّت کے لئے عظیم خسارہ ہے۔
نوید حامد، سابق صدر، مسلم مجلس مشاورت:
آہ! جیّد عالم بہ عمل و صدر پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا رابع حسنی ندوی رح رحلت فرما گئے۔ اس پر آشوب دور میں آپ کی رحلت ملت اسلامیہ ہند کے لئے ایک عظیم و بظاہر ناقابل تلافی خسارہ ہے کیونکہ آپ مخلص اکابرین کی آخری نشانی تھے جن کا دل ملت کے لئے دھڑکتا تھا۔ اللہ حضرت کی مغفرت فرمائے!
محمد اسماعیل، اسلامی اسکالر، پاکستان:
ایک ستارہ تھا کہکشاں ہو گیا! آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر اور ندوۃ العلماء لکھنو کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد رابع حسنی ندوی رحمہ اللہ داعی اجل کو لبیک کہہ دیئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔