پورے بہار میں چل رہی ہے تیجسوی کی ہوا

تیجسوی یادو جو بہار کے نئے سیاسی ہیرو کی شکل میں سامنے آئے ہیں ان کی مقبولیت اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ خود ان کے اتحادیوں اور ان کی اپنی پارٹی کے لوگوں کو اس پر یقین نہیں ہو رہا۔

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز تجزیہ

بہار اسمبلی کے انتخابات میں ایک جانب جہاں پہلے مرحلہ کے لئے ووٹنگ ہو چکی ہے تو دوسری جانب باقی مرحلوں کے لئے انتخابی مہم زوروں پر ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ نتیش کمار جو بہار کے مقبول ترین سیاسی رہنماؤں میں سے ایک تھے ان کو ان انتخابات میں سب سے زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔ ابھی تک کی انتخابی مہم کے بعد یہ بات بالکل صاف نظر آ رہی ہے کہ تیجسوی یادو بہار کے نوجوانوں کے ہیرو بن کر سامنے آئے ہیں۔

جس وقت بہاراسمبلی انتخابات کی تاریخو ں کا اعلان ہوا تھا اس وقت یہ عام تاثر دیا جا رہا تھا کہ نتیش کے مقابلہ پر نہ کوئی رہنما ہے اور نہ ہی کوئی ان کی پارٹی کے مقابلہ پر۔ اسی تاثر کی وجہ سے بی جے پی نے نتیش کمار کی تمام شرائط مانتے ہوئے لوک جن شکتی پارٹی سے علیحدگی پر اتفاق کر لیا لیکن سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی سے یہ بہت بڑی سیاسی غلطی ہوئی ہے۔ سینئر وکیل محمد ارشاد کا کہنا ہے ’’ بہار میں بدلاؤ کی ایک زبردست لہر ہے اس لئے بی جے پی اور نتیش کمار کچھ بھی کر تے اس لہر میں ان کا غائب ہونا طے تھا۔‘‘


تیجسوی یادو جو بہار کے نئے سیاسی ہیرو کی شکل میں سامنے آئے ہیں ان کی مقبولیت اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ خود ان کے اتحادیوں اور ان کی اپنی پارٹی کے لوگوں کو اس پر یقین نہیں ہو رہا۔ ایسا نہیں ہے کہ بہار میں بدلاؤ کی لہر کی وجہ سے تیجسوی ہیرو بن گئے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے ایک بہترین سیاسی حکمت عملی پر کام کیا ہے۔ تیجسوی یادو نے جہاں نوجوانوں اور مزدوروں کے مدوں کو اپنی انتخابی حکمت عملی کے مرکز میں رکھا وہیں انہوں نے پوری انتخابی مہم کے دوران اپنے گھر والوں خاص طور سے اپنے والد لالو پرساد یادو کے نام کا استعمال نہیں کیا۔ تیجسوی کو اس بات کا اندازہ تھا کہ جیسے ہی وہ اپنے گھر والوں اور لالو یادو کے نام کا استعمال کریں گے ویسے ہی حکمراں اتحاد ان کو اس پچ پر گھسیٹ کر ان کو باؤنڈری کے باہر اڑا دے گا لیکن تیجسوی نے این ڈی اے کی پسندیدہ پچ پر بیٹنگ کرنے کے بجائے بے روزگاری اور مزدوری کی اپنی پچ پر نتیش اینڈ پارٹی کو بلایا اور اپنی مرضی سے بیٹنگ کی۔ اسی حکمت عملی کی وجہ ہی یہ ہے کہ آج تیجسوی پورے بہار کے ہیرو بن گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔