کسان تحریک میں مفید ثابت ہو رہی ’چپاتی مشین‘، ایک گھنٹے میں بناتی ہے 2 ہزار روٹیاں
کسان تحریک میں جس چپاتی مشین کا استعمال ہو رہا ہے وہ ایک گھنٹے میں 2000 روٹیاں تیار کر سکتی ہے۔ کھلے آسمان کے تلے سرد ہواؤں کا سامنا کر رہے کسانوں کو اس مشین سے کافی مدد مل رہی ہے۔
نئی دہلی: زرعی قوانین کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں کسان دہلی کی سرحدوں پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز کسانوں نے ملک گیر ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا تھا جس کا وسیع پیمانے پر اثر دیکھا گیا۔ اس کے بعد حکومت نے شام کو ہی کسان لیڈران کو تبادلہ خیال کے لئے مدعو کر لیا۔ آج حکومت اور کسانوں کی چھٹے دور کی بات چیت ہونی تھی لیکن اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب، ہریانہ، مغربی یوپی اور ملک کے دیگر علاقوں سے آئے ہوئے کسان اس وقت دہلی کے غازی پور بارڈر، سنگھو بارڈر اور ٹیکری بارڈر پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ کسان اپنے ساتھ راشن بھی لے کر آئے ہیں تاکہ طویل مدتی احجاج میں بھوک کی وجہ سے کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ کسان اپنے ساتھ ’چپاتی مشین‘ بھی لے کر آئے ہیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
کسان تحریک میں جس چپاتی مشین کا استعمال ہو رہا ہے وہ ایک گھنٹے میں 2000 روٹیاں تیار کر سکتی ہے۔ کھلے آسمان کے تلے سرد ہواؤں کا سامنا کر رہے کسانوں کو اس مشین سے کافی مدد مل رہی ہے۔ یہ مشین کسان تحریک میں ہی کام نہیں آ رہی بلکہ اس کا استعمال سورن مندر کے علاوہ دیگر گرودواروں میں لگائے جانے والے لنگر میں بھی روٹی بنانے کے کام آتی ہے۔ اس مشین سے لنگر میں سینکڑوں لوگوں کے لئے بیک وقت روٹیاں پکائی جاسکتی ہیں۔ آپ خود بھی اس چپاتی مشین کی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کی تحریک 14 ویں روز میں داخل ہو چکی ہے۔ وہ اپنے ساتھ بھاری مقدار میں راشن، تیل اور دیگر کھانے پینے کی اشیا لے کر آئے ہیں۔ کسانوں کا تعاون کرنے کے لئے کئی دیگر تنظیمیں اور لوگ بھی بارڈر پر پہنچ رہے ہیں۔ یہ لوگ کسانوں کو وقت وقت پر دوا، چائے اور پانی فراہم کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔