شمالی ہندوستان میں موسم کی تبدیلی، دہلی میں شدید کہرے کا الرٹ، جنوبی ریاستوں میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے دہلی میں 28 اور 29 نومبر کو گھنے کہرے کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جبکہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، پڈوچیری اور کیرالہ میں 28 نومبر کو تیز بارش کا امکان ہے
دہلی سمیت پورے شمالی ہند میں ٹھنڈ دستک دے چکی ہے۔ صبح اور شام کے موسم میں درجہ حرارت میں کافی گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ شمالی ہند کا موسم تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور جلد ہی شدید ٹھنڈک پڑنے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق منگل کو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے جو اس موسم کے عام درجہ حرارت 2.7 ڈگری سے زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے دہلی میں 28 اور 29 نومبر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان دنوں گھنے کہرے کی وجہ سے حد نگاہ کافی کم ہو سکتی ہے۔ لوگوں کو گاڑی چلانے کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یوپی کی بات کی جائے تو یہاں اگلے دو دنوں میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ یہاں صبح اور شام میں کہرے کی چادر بچھی رہنے کا امکان ہے، ساتھ ہی درجہ حرارت میں بھی کمی درج کی جا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ افغانسان کی طرف سے آرہے ایک 'ویسٹرن ڈسٹربینس' کی وجہ سے ریاست میں ہوا کا رخ بدل جائے گا۔ اس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور کہرا چھایا رہے گا۔
دوسری طرف بہار میں بھی ٹھنڈ رفتہ رفتہ بڑھ رہی ہے۔ حالانکہ ابھی شدید سردی نہیں پڑ رہی ہے لیکن صبح اور شام میں ہلکی ٹھنڈ رہتی ہے۔ دن میں دھوپ نکلنے سے ٹھنڈ کا احساس نہیں ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔
وہیں ہماچل پردیش کی بات کریں تو یہاں کے الگ الگ علاقوں میں 26 سے 30 نومبر کے دوران صبح کے وقت شدید کہرا رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب-ہریانہ میں بھی 27، 28 اور 29 نومبر کو لوگوں کو کہرے کا احساس ہو سکتا ہے جبکہ تمل ناڈو، آندھرا پردیش، پڈوچیری، کیرالہ میں 28 نومبر کو تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔