بی جے پی اور ترنمو ل کانگریس کے درمیان لفظی جنگ تیز
دلیپ گھوش پر طنز کرتے ہوئے کنال گھوش نے کہا کہ جو لوگ بی جے پی کے لئے مار کھائے انہیں دھتکار دیا گیا ہے اور جنہیں یہ چور اور بدمعاش کہتے تھے وہ آج بی جے پی میں حاوی ہیں۔
کلکتہ: بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان جاری لفظی جنگ کے درمیان آج ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے بیان کا جواب دیتے ہوئی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ ’’کھوکھا بابو‘‘ کو کیا معلوم کہ سیاست کیا ہے؟ وہ گود میں کھیلتے کھیلتے ممبر پارلیمنٹ بن گئے۔
ابھیشیک بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا کہ ’میرے بھتیجے کے ساتھ کیا ہوا؟ دہلی میں یوراج کو پپو کہا جاتا ہے۔ میں انہیں کھوکھا بابو کہتا ہوں۔ وہ گود میں کھیلتے کھیلتے ممبر پارلیمنٹ بن گئے۔ پارٹی میں ایسے ہزاروں کارکن اور لیڈر ہیں جنہوں نے خون دیا، لاٹھی کھائی مگر وہ آج بھی کھوکھا بابو کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہیں۔ جب کہ بنرجی گود میں کھیلتے کھیلتے رکن اسمبلی بن گئے۔
خیا ل رہے کہ کل ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس یوتھ کے صدر ابھیشیک بنرجی نے دلیپ گھوش کو مافیا اور بدمعاش کہہ کر بلایا اس کے جواب میں گھوش نے کہا کہ میں بنگال کے عوام کے لئے اگر غنڈہ گردی کرتا ہوں تو آگے بھی کروں گا۔ غنڈہ گردی کسے کہتے ہیں انہوں نے ابھی دیکھا نہیں ہے۔
دوسری جانب ترنمول کانگریس کے ترجمان نے گھوش کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں درجنوں ایسے لیڈران ہیں جو اپنے والد کی وجہ سے ممبر پارلیمنٹ یا رکن اسمبلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلاش وجے ورگی کا بیٹا بھی رکن اسمبلی ہے۔ وہ کس بنیاد پر ہے۔ گھوش نے کہا کہ کھوکھا بابو بی جے پی میں بہت ہیں جو آقا کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں کرتے ہیں۔ دلیپ گھوش پر طنز کرتے ہوئے کنال گھوش نے کہا کہ جو لوگ بی جے پی کے لئے مار کھائے انہیں دھتکار دیا گیا ہے اور جنہیں یہ چور اور بدمعاش کہتے تھے وہ آج بی جے پی میں حاوی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔