’جنگ کی شروعات ہو چکی ہے، یہ جنگ عوام کے لیے ہے، ہم سب مل کر ملک کو غلام بنانے والوں کو جلد جیل بھیجیں گے‘
نتیش کمار سے ملاقات کے بعد ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’میری جنگ عوام کے لیے ہے، میرے ملک اور میری ریاست کے لیے ہے، ہم سبھی مل کر لڑیں گے اور ملک کو غلام بنانے والوں کو جلد جیل بھیجیں گے۔‘‘
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار لگاتار مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ بی جے پی مخالف پارٹیوں کے سربراہان سے ملاقات کر آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں میں پوری طرح سرگرم ہیں۔ گزشتہ دنوں انھوں نے اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین جیسے سرکردہ لیڈران سے ملاقات کی۔ اسی ضمن میں آج نتیش کمار نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کر آئندہ کی منصوبہ بندی پر غور و خوض کیا۔ نتیش کمار کے ساتھ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔
نتیش کمار سے ملاقات کے بعد ادھو ٹھاکرے نے آئندہ لوک سبھا انتخاب اور اپوزیشن اتحاد کو لے کر انتہائی اہم بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جنگ کی شروعات ہو چکی ہے۔ میری جنگ عوام کے لیے ہے۔ میرے ملک اور میری ریاست کے لیے ہے۔ ہم سبھی مل کر لڑیں گے اور ملک کو غلام بنانے والوں کو جلد جیل بھیجیں گے۔‘‘
نتیش کمار نے بھی ممبئی میں ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد اپوزیشن اتحاد اور بی جے پی کو مرکزی اقتدار سے بے دخل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں زیادہ سے زیادہ پارٹیاں متحد ہوں۔ آج جو مرکز میں حکومت ہے، وہ ملک کے لیے کوئی کام نہیں کر رہی۔ یہ صحیح وقت ہے جب ہم سب مل کر ملک کے مفاد میں کام کریں۔ اب یہ طے کیا جائے گا کہ کب سبھی (پارٹیوں) کی میٹنگ ہوگی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار اور تیجسوی یادو آج شام این سی پی چیف شرد پوار سے بھی ملاقات کریں گے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے کچھ دنوں تک نتیش کمار کی اپوزیشن پارٹی لیڈران سے ملاقات کا سلسلہ جاری رہنے والا ہے۔ جلد ہی ہم خیال پارٹیوں کی ایک میٹنگ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اگر اب اپوزیشن پارٹیاں ایک پلیٹ فارم پر نہیں آئیں تو بہت دیر ہو جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔