لوک سبھا میں آج پیش ہوگا ’وقف ترمیمی بل‘، بوہرہ اور آغا خانی کے لیے الگ بورڈ بنانے کی تیاری

مرکزی حکومت وقف ایکٹ 2013 میں تقریباً 40 ترامیم کے ساتھ نیا وقف ترمیمی بل 2024 پارلیمنٹ میں پیش کرنے جا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

وقف املاک کے انتظام و انصرام سے متعلق آج انتہائی اہم بل لوک سبھا میں پیش کرنے کی تیاری ہو چکی ہے۔ اس بل کے ذریعہ وقف بورڈ کو حاصل کچھ اہم اختیارات پر قدغن لگانے کی کوشش کی جائے گی اور وقف املاک سے متعلق شفافیت لائی جائے گی۔ جمعرات کو لوک سبھا میں ہونے والی کارگزاری سے متعلق بدھ کے روز جو فہرست جاری کی گئی، اس کے مطابق پہلے وقفہ سوال ہوگا، پھر ’پیپر لے‘ کا عمل انجام پائے گا، اور اس کے بعد لوک سبھا میں ’وقف (ترمیمی) بل 2024‘ دوپہر تقریباً 12 بجے پیش کیا جائے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت وقف ایکٹ 1923 کو ختم کرنے کے مقصد سے یہ بل لا رہی ہے اور ساتھ ہی مسلم وقف ایکٹ 1995 میں کم و بیش 40 ترامیم بھی کی جائیں گی۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ترامیم کس طرح کی ہوں گی۔ انتہائی اہم بات یہ ہے کہ اس بل میں بوہرہ اور آغا خانی طبقہ کے لیے علیحدہ بورڈ بنانے کا راستہ ہموار ہوگا۔ اسے ’بوہرہ وقف‘ اور ’آغا خانی وقف‘ نام دیا گیا ہے۔

لوک سبھا میں آج پیش ہوگا ’وقف ترمیمی بل‘، بوہرہ اور آغا خانی کے لیے الگ بورڈ بنانے کی تیاری

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے بدھ کے روز کہا تھا کہ وقف ترمیمی بل لانے کا مقصد وقف ملکیتوں کا بہترین مینجمنٹ کرنا ہے۔ بل پیش کیے جانے کے بعد وسیع صلاح و مشورہ اور اتفاق رائے کے لیے اسے اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ دراصل اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت سے گزارش کی ہے کہ وقف ترمیمی بل کو پیش کیے جانے کے بعد اس پر غور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جائے۔ حکومت نے اس تعلق سے کہا ہے کہ ’بی اے سی‘ کے جذبات کا جائزہ لینے کے بعد وہ اس معاملے میں کوئی فیصلہ کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔