فروری ماہ میں بھی بڑھی ملک کی شرح بے روزگاری

سی ایم آئی ای کے ذریعہ جاری اعداد و شمار سے ملک میں بے روزگاری کی بھیانک تصویر سامنے آئی ہے۔ فروری میں ہندوستان کی شرح بے روزگاری 7.78 فیصد پہنچ گئی جو کہ گزشتہ چار مہینوں میں سے زیادہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک میں پھیلی بے روزگاری کی حالت میں کوئی بہتری ہوتی نظر نہیں آ رہی ہے۔ پیر کو جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق فروری ماہ میں ملک کی شرح بے روزگاری گزشتہ چار مہینے میں سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی۔ سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکونومی (سی ایم آئی ای) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق فروری میں ہندوستان کی شرح بے روزگاری بڑھ کر 7.78 فیصد پر پہنچ گئی جو اکتوبر 2019 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ مہینے جنوری میں بے روزگاری شرح 7.16 فیصد رہی تھی۔

اس کے علاوہ سی ایم آئی ای نے دیہی علاقوں میں بے روزگاری کا اعداد و شمار بھی جاری کیا ہے جو مزید فکر انگیز ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے دیہی علاقوں میں بے روزگاری شرح گزشتہ مہینے کے 5.97 فیصد سے کہیں زیادہ بڑھ کر فروری میں 7.37 فیصد ہو گئی ہے۔


دوسری طرف پیر کو ہی مینوفیکچرنگ پی ایم آئی (مینوفیکچرنگ پرچیزنگ منیجرس انڈیکس) کے اعداد و شمار بھی جاری ہوئے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق مینوفیکچرنگ پی ایم آئی جنوری میں 55.3 پر تھا، جو فروری میں گر کر 54.5 پر آ گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گلوبل اکونومی کو لے کر کھڑی ہوئی فکر کے سبب فروری مہینے میں دوسرے ممالک سے ڈیمانڈ میں کمی رہی ہے۔

بے روزگار کا یہ نمبر ملک کی معیشت پر چھائے بحران کا اثر بتایا جا رہا ہے۔ دراصل 2019 کے آخری تین مہینوں میں ملک کی معیشت کی رفتار گزشتہ چھ سال میں سب سے دھیمی رہی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا اندازہ ہے کہ سرکار کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی ترقی پر اثر پڑا ہے، جس سے بے روزگار کے اعداد و شمار بڑھے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔