اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کا دو روزہ اجلاس کل سے ممبئی میں شروع، عام انتخابات کی حکمت عملی سمیت متعدد موضوعات پر بحث متوقع
انڈیا اجلاس کے ایجنڈے میں لوگو کی نقاب کشائی، رابطہ کمیٹی کی تشکیل، کنوینرز کی تقرری، عام انتخابات کے لیے ممکنہ سیٹ شیئرنگ فارمولے پر بحث، عام انتخابات کے لیے حکمت عملی شامل ہیں
ممبئی: حزب اختلاف کے اتحاد ’انڈیا‘ کا اجلاس کل سے ممبئی میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق انڈیا کا دو روزہ اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر تک منعقد ہوگا اور اس کے لئے ممبئی کے ہوٹل گرینڈ حیات میں 150 کمرے بک کئے گئے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے اجلاس کے ایجنڈے میں اتحاد کے لوگو کی نقاب کشائی، رابطہ کمیٹی کی تشکیل، کنوینرز کی تقرری، عام انتخابات کے لیے ممکنہ سیٹ شیئرنگ فارمولے پر بحث، عام انتخابات کے لیے حکمت عملی اور کئی دیگر موضوعات شامل ہیں۔
شیو سینا یو بی ٹی نے پیر کے روز اپوزیشن اتحاد انڈیا کے ممبئی اجلاس کے حوالہ سے پہلا ویڈیو ٹیزر جاری کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ہوٹل میں کمروں کی بکنگ اور 31 اگست کو عشائیہ کا انتظام شیو سینا یو بی ٹی کی جانب سے کیا جا رہا ہے، اس دن اتحاد کے لیڈران غیر رسمی ملاقات کریں گے۔ جبکہ اگلے دن یعنی یکم ستمبر کو کانگریس کی جانب سے ظہرانہ کا اہتمام کیا جائے گا اور اس دن تمام لیڈران رسمی ملاقات کریں گے۔
اتحاد کے اجلاس کے حوالہ سے تمام اخباروں اور دیگر مقامات پر اشتہارات کی ذمہ داری بھی کانگریس پارٹی کو سونپی گئی ہے۔ این سی پی کی جانب سے تمام مہمانان کے لئے گاڑیوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ سنجے نروپم ایئرپورٹ پر تمام مہمانوں کا استقبال کریں گے۔ جبکہ ملند دیوڑا مہمانوں کا ہوٹل میں خیرمقدم کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔