’کانگریس کے تینوں امیدوار لوک سبھا انتخاب میں بے مثال فتح حاصل کریں گے‘، دہلی کانگریس صدر اروندر لولی کا دعویٰ

دہلی کی الگ الگ لوک سبھا سیٹوں پر کھڑے ہونے والے کانگریس کے تینوں امیدواروں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس لیڈران</p></div>

دہلی کانگریس لیڈران

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے آج ریاستی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس کے دوران لوک سبھا انتخاب 2024 کے لیے دہلی سے کھڑے ہونے والے پارٹی کے تینوں امیدوار (چاندنی چوک لوک سبھا سیٹ سے جئے پرکاش اگروال، شمال مغربی دہلی سے ڈاکٹر ادت راج اور شمال مشرقی دہلی سے کنہیا کمار) کا تعارف کریا۔ ساتھ ہی انھوں نے انتخاب میں پارٹی کی ترجیحات بھی سبھی کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ جئے پرکاش اگروال جہاں دہلی کے سینئر لیڈر ہونے کے ساتھ سابق رکن پارلیمنٹ سابق ریاستی صدر رہے ہیں، وہیں ڈاکٹر ادت راج ایک بڑے دلت لیڈر ہیں جو دلتوں کے حقائق کی لڑائی بے باکی کے ساتھ لڑتے ہیں۔ ڈاکٹر ادت راج شمال مغربی لوک سبھا سیٹ سے 2014 میں رکن پارلیمنٹ بھی رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شمال مشرقی لوک سبھا سیٹ سے کنہیا کمار جے این یو طلبا یونین صدر رہے ہیں اور بی جے پی کی تاناشاہی کے خلاف آگے بڑھ کر اپوزیشن کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔

’کانگریس کے تینوں امیدوار لوک سبھا انتخاب میں بے مثال فتح حاصل کریں گے‘، دہلی کانگریس صدر اروندر لولی کا دعویٰ

اروندر لولی نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں کی بی جے پی کی بدتر حکمرانی اور غلط پالیسیوں کے سبب دہلی سمیت پورے ملک کی عوام بے حال ہے۔ بی جے پی حکومت میں ملک میں 45 سالوں کا بے روزگاری ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ غریب مزید غریب ہو رہا ہے اور سرمایہ دار مزید امیر ہو رہے ہیں۔ دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ خواتین کے تئیں استحصال بی جے پی کے وقت میں عروج پر ہے۔ دہلی میں بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے عوام کے مفادات کے لیے کوئی کام نہیں کیا اور سبھی ناکارے ثابت ہوئے۔ اب کانگریس کے دہلی کی مختلف لوک سبھا سیٹوں پر کھڑے ہو رہے تینوں لوک امیدوار بے مثال فتح حاصل کریں گے۔


پریس کانفرنس میں ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی کے علاوہ سابق ریاستی صدر و الیکشن مینجمنٹ و کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین سبھاش چوپڑا، لوک سبھا سیٹوں سے کانگریس امیدوار جئے پرکاش اگروال، ڈاکٹر ادت راج اور کنہیا کمار، سابق رکن اسمبلی و کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین انل بھاردواج، کارپوریشن انچارج جتیندر کمار کوچر اور کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے وائس چیئرمین انوج آترے بھی موجود تھے۔ دہلی کی لوک سبھا سیٹوں پر کھڑے ہونے والے کانگریس کے تینوں امیدواروں نے بھی اس پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی اور کانگریس و دیگر پارٹیاں مل کر عوام کے حق میں کام کریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔