ہندوستان میں کورونا کی خوفناک رفتار! 10 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی تصدیق، فعال کیسز کی تعداد 45 ہزار

دہلی اور مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں کورونا کیسز میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں 1115، جبکہ دہلی میں 1149 کیسز درج کیے گئے

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی:دہلی اور مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں کورونا کیسز میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا 10 ہزار سے زیادہ مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق نئے 10158 معاملے درج کیے جانے کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 44998 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار سے زیادہ کیسز درج کیے گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق اس دوران 1115 کیسز درج کیے گئے جبکہ 9 افراد کی جان چلی گئی۔ ریاست میں 7 مہینے پہلے ستمبر میں ایک ہزار سے زیادہ مریضوں کی تصدیق کی گئی تھی۔

وہیں، ملک کی راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران 1149 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس دوران 677 مریضوں نے شفایابی حاصل کی جبکہ ایک مریض کی جان چلی گئی۔ یہاں فعال مریضوں کی تعداد 3 ہزار 347 ہو گئی ہے۔ دہلی کے محکمہ صحت نے بدھ (12 اپریل) کو یہ اطلاع دی۔


خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ 10 سے 12 دنوں کے اندر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس کی وجہ کورونا کا سب ویرینٹ ایکس بی بی.1.16 ہے۔ تاہم، سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ کم ہی مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرانے کی ضرورت پیش آ رہی ہے اور یہ رجحان آگے بھی جاری رہے گا۔

دریں اثنا، سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ادار پونا والا نے کہا کہ کورونا کی ویکسین ’کیوی شیلڈ‘ کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’کوواویکس‘ ویکسین کی 60 لاکھ بوسٹر ڈوز کمپنی کے پاس پہلے ہی دستیاب ہیں اور بالغ افراد کو 'بوسٹر' خوراک لینا چاہیے۔ کووڈ-19 ویکسین کی قلت سے متعلق خبروں پر پونا والا نے کہا کہ ویکسین بنانے والے تیار ہیں لیکن اس کی کوئی مانگ نہیں ہے۔


دیگر ریاستوں میں کورونا کی صورت حال پر نظر ڈالیں تو راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 355 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس دوران کووڈ سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ ریاستی محکمہ صحت نے بتایا کہ 2645 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایکٹو کیسز کی تعداد 1245 ہو گئی۔ ریاست کے میڈیکل اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، اس میں جے پور میں 82، راجسمند میں 36، اجمیر-جودھپور میں 28-28، الور میں 27، جھالاواڑ میں 24، بیکانیر میں 21، ادے پور میں 20 مریض شامل ہیں۔

ہماچل پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 441 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 926 ہو گئی ہے۔ یہاں منگل (11 اپریل) کو محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا کے 420 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دو مریضوں کی موت ہو گئی۔

وہیں، اتر پردیش میں بھی کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں کورونا کے 446 نئے کیسز پائے گئے اور اس کے ساتھ ہی فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 791 ہو گئی ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ (12 اپریل) کو کہا کہ کورونا وائرس انفیکشن کی صورتحال قابو میں ہے لیکن سب کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ریاستی سطح کی کوویڈ ایڈوائزری کمیٹی اور اعلیٰ سطحی ٹیم-9 کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔


جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 122 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس میں جموں میں کووڈ کے 52 اور کشمیر میں 70 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہاں ایکٹیو کیسز کی تعداد بڑھ کر 531 ہو گئی۔ اس دوران 62 افراد صحت یاب ہو گئے۔

مدھیہ پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ کے 52 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس دوران کسی کی موت نہیں ہوئی۔ سات ماہ بعد 50 سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایکٹو ایکٹو کیسز کی تعداد 226 ہو گئی۔ گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 397 نئے کورونا کیسز سامنے آئے اور اس دوران دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی کووڈ کے ایکٹیو کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 992 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔