سپریم کورٹ آج عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضیوں پر سماعت کرے گی
سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ عمر خالد اور شرجیل امام کی عرضیوں پر سماعت کرے گی۔

سپریم کورٹ بدھ (25 نومبر) کو جیل میں قید عمر خالد اور شرجیل امام کی الگ الگ عرضیوں پر سماعت کرے گی۔ ان عرضیوں میں دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے، جس میں 2020 کے دہلی فسادات کے معاملے میں ان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔ سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ عمر خالد اور شرجیل امام کی عرضیوں پر سماعت کرے گی۔
یہ معاملہ فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے پیچھے مبینہ بڑی سازش سے متعلق ہے۔ اس تشدد میں 53 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں عمر خالد اور شرجیل امام سمیت کئی افراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) اور دیگر مجرمانہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں کئی برسوں سے جیل میں بند ہیں۔
اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ اور جسٹس دنیش بھٹ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اپنے فیصلے میں دونوں کی اپیلیں مسترد کر دی تھیں۔ یہ اپیلیں ٹرائل کورٹ کے 4 جولائی کے ان احکامات کے خلاف دائر کی گئی تھیں، جن میں انہیں باقاعدہ ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ رواں سال جنوری میں سپریم کورٹ نے ان کی سابقہ ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے جو خصوصی شرائط اور راحت حاصل کرنے کی حدود طے کی تھیں، ان میں نچلی عدالت تبدیلی نہیں کر سکتی۔
قابل ذکرہے کہ سپریم کورٹ نے 5 جنوری کو عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ درخواست دینے کی اجازت دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ استغاثہ کے جن محفوظ گواہوں کے بیانات پر انحصار کیا گیا ہے، ان کی گواہی مکمل ہونے کے بعد یا حکم کی تاریخ سے ایک سال پورا ہونے پر، ان میں سے جو بھی پہلے ہو، وہ دوبارہ ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں نے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
