جی-20 سربراہی اجلاس پر کورونا کا سایہ! جل بائیڈن کے بعد اسپین کے صدر متاثر
دہلی میں ہونے جا رہے جی-20 سربراہی اجلاس پر کورونا کا سایہ منڈلا رہا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن کے بعد اب اسپین کے صدر پیڈرو سانچیز بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں
نئی دہلی: دہلی میں ہونے جا رہے جی-20 سربراہی اجلاس پر کورونا وائرس کا سایہ منڈلانے لگا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن کے کورونا مثبت پائے جانے کے بعد اب اسپین کے صدر پیڈرو سانچیز بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس کی جانکاری انہوں نے خود سوشل میڈیا پر دی ہے۔
سانچیز نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا ’’میں ٹھیک محسوس کر رہا ہوں لیکن میں ہندوستان کا دورہ نہیں کر سکوں گا۔ جی-20 سربراہی اجلاس میں اسپین کی نمائندگی قائم مقام نائب صدر نادیہ کالوینو اور وزیر خارجہ جوز مینوئل البیریس کریں گے۔‘‘
وہیں، امریکی صدر جو بائیڈن آج ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ بائیڈن کو اپنی اہلیہ جل کے ساتھ جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 7 اگست کو دہلی آنا تھا لیکن اس سے پہلے جِل اور جو بائیڈن کا کووِڈ ٹیسٹ کیا گیا تھا، جس کی رپورٹ 5 اگست کو آئی تھی۔ جو بائیڈن کی رپورٹ منفی آئی لیکن جِل کی کووِڈ رپورٹ مثبت آئی۔ بائیڈن کے دفتر کے مطابق ان میں کورونا کی کوئی علامت نہیں ہے۔
جِل کورونا سے متاثر ہونے کے بعد اپنی ڈیلاویئر رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جو بائیڈن جی-20 اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستان روانہ ہو گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔