راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی

راجیہ سبھا کی کارروائی بدھ کے روز غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایوان بالا کا 24 واں اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: راجیہ سبھا کی کارروائی بدھ کے روز غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایوان بالا کا 24 واں اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔

راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی ممبران کو سابق وزیر خارجہ اور بھارتیہ جنتاپارٹی کی سینئر لیڈر محترمہ سشما سوراج کے انتقال کی اطلاع دی۔ انہوں نے محترمہ سوراج کے پارلیمانی اور عوامی زندگی میں تعاون کاذکر کرتے ہوئے تعزیت کا پیغام پڑھا۔ اس کے بعد ارکان نے دو منٹ خاموشی اختیار کرکے آنجہانی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔


بعد میں قانون سازی کے دستاویزات ایوان میں پیش کئے گئے اور سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد میں اضافہ سے متعلق ایک بل بغیر بحث کے ایوان میں منظور کیا گیا۔

وینکیا نائیڈو نے ایوان کے دوران ہوئے کام کاج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس پوری طرح کامیاب رہا اور اس میں بہتر طریقے سے کام کاج ہوا۔ اجلاس کے دوران کل 35 میٹنگ ہوئی اور اس دوران 32 بل منظور کئے گئے اور 39 موضوعات پر بحث ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گزشتہ 17 برسوں میں سب سے بہترین اجلاس رہا ہے۔


برسراقتدار اور اپوزیشن دونوں نے باہمی تعاون سے کام لیا جس سے ملک میں سماجی اور اقتصادی اصلاحات اور ترقی سے متعلق کام کاج ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوری کردی۔ راجیہ سبھا کا اجلاس 20 جون سے شروع ہوا تھا۔ یہ 26 جولائی تک چلنا تھا لیکن بعد میں اس کی مدت میں سات اگست تک کا اضافہ کردیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Aug 2019, 2:10 PM