ٹڈیوں کے حملہ پر زائرہ وسیم نے پیش کی قرآنی آیت تو ہوا ہنگامہ، اور پھر...

بالی ووڈ میں بہترین اداکاری سے سبھی کا دل جیتنے کے بعد فلم لائن سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی زائرہ وسیم نے اب اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو بھی ڈی ایکٹیویٹ کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: ریگستانی ٹڈیوں کے فصلوں اور باغوں پر حملوں کو ایک قرآنی آیت کی وساطت سے جواز بخشنے پر سابق بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم کو سوشل میڈیا پر زبردست تنقید کا نشانہ بننے کی وجہ سے اپنے ذاتی ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس غیر متحرک کرنے پڑے ہیں۔ بتادیں کہ موصوفہ نے چند روز قبل اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر قرآن کی ایک آیت شئیر کی تھی جس کا سہارا لیکر وہ بظاہر یہ کہنا چاہتی تھیں کہ گمراہ لوگوں پر ٹڈیوں کے جھنڈ کا حملہ آور ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عذاب ہے۔

زائرہ وسیم کی یہ سوشل میڈیا پوسٹ نہ صرف گرم بحث و مباحثے کا موضوع بن گئی تھی بلکہ اس پر مذمتی اور تنقیدی تحریوں کا اس قدر تیز سیلاب امڈ آیا کہ انہیں اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس غیر متحرک کرنے پڑے۔ اگرچہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے حمایتی تحریروں سے موصوف اداکارہ کی حمایت کی لیکن تنقید کرنے والوں کی تعداد زیادہ تھی۔


ایک ٹوئٹر صارف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'میں زائرہ وسیم کو پسند کرتا ہوں لیکن ان کی یہ بات بالکل بے مزہ ہے۔ لوگ ٹڈیوں، سیلابوں اور کووڈ سے پریشان ہیں اور وہ اس کو اللہ کی طرف سے سزا قرار دے رہی ہیں'۔ زائرہ وسیم کے ٹوئٹر پر قریب پونے دو لاکھ صارفین فالو کرتے تھے جبکہ وہ خود صرف 78 صارفین کو ہی فالو کرتی تھیں۔ ان کے انسٹاگرام پر قریب آٹھ لاکھ فالورس تھے جبکہ وہ خود کسی کو بھی فالو نہیں کرتی تھیں۔

تاہم زائرہ وسیم نے اپنے فیس بک پیج، جس پر ان کے زائد از دو لاکھ 80 ہزار فالورس ہیں، کو یہ رپورٹ فائل کیے جانے تک غیر متحرک نہیں کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم نے سال گزشتہ کے جون میں بالی ووڈ کی دنیا سے اچانک کنارہ کشی کرکے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔


19 سالہ زائرہ وسیم جنہوں نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی ووڈ فلموں 'دنگل، سیکرٹ سوپر اسٹار اور دی اسکائی از پنک میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، نے فلمی دنیا کو خیر باد کہنے کا اعلان اپنے تمام سوشل میڈیا کھاتوں پر اپنی ایک طویل تحریر میں کیا تھا۔ انہوں نے تب اپنے فیصلے کو صحیح ثابت کرنے کے لئے بھی قرآن کی متعدد آیات، پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور خلیفہ دوم حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اقوال کا سہارا لیا تھا۔ زائرہ وسیم گزشتہ ایک برس سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دین اسلام کے متعلق مواد ہی اپ لوڈ کرتی تھیں۔ اس دوران بیچ بیچ میں انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر بھی کھل کر لکھا۔

واضح رہے کہ پاکستان سے ٹڈیوں کے بڑے بڑے جھنڈ مغربی اور وسطی ہندوستان میں داخل ہوگئے ہیں اور فصلوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خوراک اور زراعت کے مطابق 40 لاکھ ٹڈیوں کا ایک جھنڈ 35 ہزار افراد کی خوراک تباہ کرسکتا ہے۔ ہوا میں اڑنے والی ان ٹڈیوں کا ایک جھنڈ دس ارب ٹڈیوں پر مشتمل ہوسکتا ہے جو سینکڑوں کلو میٹر رقبے میں پھیل سکتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔