کرناٹک حادثہ پر صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس، وزیر اعلیٰ سدارمیا نے معاوضہ کا کیا اعلان
وزیر اعظم نے پی ایم فنڈ سے مہلوکین کے کنبہ کو دو لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے، ساتھ ہی انھوں نے زخمیوں کے لیے بھی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
کرناٹک میں پیر کے روز پیش آئے اندوہناک سڑک حادثہ میں 10 افراد کی موت ہو گئی۔ دل دہلا دینے والے اس واقعہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے شدید رنج و ظم کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ حادثہ کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ میسورو میں ہوئے سڑک حادثے میں بچوں کی بھی موت ہوئی ہے۔ غمزدہ کنبہ کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے ایشور سے دعا کرتی ہوں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعہ پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وہ دل سے دکھی ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’جن کنبوں نے اپنے قریبیوں کو گنوایا ہے، ان کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں۔ زخمیوں کے جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘ وزیر اعظم نے پی ایم فنڈ سے مہلوکین کے کنبہ کو دو لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے زخمیوں کے لیے بھی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ سدارمیا نے بھی حادثہ پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’’میسورو ضلع کے ٹی نرسیپورہ کے پاس دل کچوٹ دینے والا حادثہ ہوا، جس سے کافی پریشان ہوں۔ حادثہ میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے راحت فنڈ سے مہلوکین کے کنبہ کو 2-2 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے افسران کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے لیے مناسب علاج یقینی بنایا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔