تکبر جہالت سے زیادہ خطرناک، لاک ڈاؤن سے ثابت ہوا: راہل گاندھی
لاک ڈاؤن کے حوالہ سے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کا مودی حکومت پر حملہ جاری ہے، اسی سلسلہ میں انہوں نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے البرٹ آئنسٹائن کا ایک قول شیئر کیا ہے
نئی دہلی: کورونا وائرس کی روک تھام کے ارادے سے نافذ کئے گئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے حوالہ سے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کا مودی حکومت پر حملہ جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے البرٹ آئنسٹائن کا ایک قول شیئر کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کے ساتھ ملک میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 3.32 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق یہ لگاتار تیسرا دن ہے جب نئے مریضوں کی تعداد 11 ہزار سے اوپر درج کی گئی ہے۔
دریں اثنا، ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 325 مریضوں کی موت کی بھی خبر ہے۔ اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے جان گنوانے والے افراد کی کل تعداد 9520 ہو گئی ہے۔ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں ہنوستان پہلے ہی چوتھے مقام پر آ چکا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی لگاتار مودی حکومت پر حملہ بول رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اس وبا سے نمٹنے کے لئے خاطر خواہ انتظامات کرنے میں وہ ناکام رہی ہے۔ کچھ دن قبل انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان ایک غلط دوڑ میں جیتنے کی راہ پر گامزن ہے، جوکہ حکومت کی نااہلی اور اس کے تکبر کا نتیجہ ہے۔ وہیں، حکومت لگاتار کہہ رہی ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا وائرس سے پیدا ہوئی وبا کی رفتار کو ماند کرنے میں مدد ملی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔