عوامی نمائندوں کی واحد ترجیح تمام لوگوں کی فلاح و بہبود اور ملک کے مفاد میں کام کرنا ہونی چاہئے: صدر کووند
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے یوم آئین کے موقع پر تمام عوامی نمائندوں سے اختلافات کوبھلا کر قومی مفاد اور عوامی خدمات کے حقیقی مقصد کے لئے کام کرنے کی اپیل کی
نئی دہلی: پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے یوم آئین کے موقع پر تمام عوامی نمائندوں سے اختلافات کوبھلا کر قومی مفاد اور عوامی خدمات کے حقیقی مقصد کے لئے کام کرنے کی اپیل کی۔
صدر کووند نے آئین کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقدہ یوم آئین پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی مجلس، اسمبلی اور پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کی صرف ایک ترجیح ہونی چاہئے اور وہ ترجیح ہے اپنے علاقے کے تمام لوگوں کی فلاح و بہبود اور ملک کے مفاد میں کام کرنا۔
انہوں نے کہا ’’ نظریات میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن کوئی اختلاف اتنا بڑا نہیں ہونا چاہیے کہ عوامی خدمت کے اصل مقصد میں رکاوٹ پیدا کرے ۔ حکمران جماعت اور اپوزیشن کے اراکین میں مسابقت ہونا فطری بات ہے لیکن یہ مسابقت بہتر نمائندے بننے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر کام کرنے کی ہونے چاہئے ۔ تب ہی اسے صحت مند مسابقت سمجھا جائے گا ۔ پارلیمنٹ میں مسابقت کو دشمنی نہیں سمجھا جانا چاہئے ۔
اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، مرکزی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معززین موجود تھے۔
صدر نے پارلیمنٹ کو جمہوریت کا مندر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر رکن پارلیمنٹ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کے اس مندر میں اسی عقیدت کے اسی جذبے کے ساتھ عمل کرے، جیسے وہ اپنی عبادت گاہوں میں کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ درحقیقت اپوزیشن جمہوریت کا سب سے اہم عنصر ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ موثر اپوزیشن کے بغیر جمہوریت بے اثر ہو جاتی ہے ۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے اختلافات کے باوجود شہریوں کے بہترین مفاد کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے، یہ امید کی جاتی ہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔