این آئی اے نے داؤد گروہ کے ٹھکانوں پر مارے چھاپے
مرکزی ایجنسی نے داود کی ممبئی میں جائدادوں کی دیکھ بھال کرنے والے سلیم قریشی عرف سلیم فروٹ نامی شخص کو حراست میں لیا ہے اور ان کے قبضے سے چند دستاویزات بھی برآمد کیے ہیں۔
ممبئی: قومی تفشیشی ایجنسی (این آئی اے) کی درجنوں ٹیموں نے آج ممبئی میں مافیا سرغنہ داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھیوں اور کچھ حوالہ آپریٹروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران مرکزی ایجنسی نے داود کی ممبئی میں جائدادوں کی دیکھ بھال کرنے والے سلیم قریشی عرف سلیم فروٹ نامی شخص کو حراست میں لیا ہے اور ان کے قبضے سے چند دستاویزات بھی برآمد کیے ہیں جن کا تعلق داود کی بے نامی جائیدادوں سے ہے۔
اترپردیش کے بریلی شریف سے تعلق رکھنے سلیم قریشی سے اس سے قبل ای ڈی نے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی ایجنسی کے افسران فی الوقت جنوبی ممبئی کے ناگپاڑہ، بھنڈی بازار اور مضافات کے، گورے گاؤں، بوریولی اور سانتا کروز علاقوں کے متعدد ٹھکانوں پر چھاپے مار رہے ہیں۔
ناگپاڑہ میں این آئی اے کے افسران دو افراد سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں جو مبینہ طور پر ہندوستان میں داؤد کے کاروبار کی دیکھ بھال کرنے والے بتائے جاتے ہیں۔ حال ہی میں ضمانت پر رہا شدہ ایک منشیات فروش سے بھی ایجنسی پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ شہر میں گینگسٹر کے ڈرگ سنڈیکیٹ کا پتہ لگایا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔