معروف اداکارہ جیہ بچن کی والدہ اندرا بھادوڑی کے انتقال کی خبر جھوٹی، طبیعت بگڑنے کے بعد اسپتال میں داخل
اندرا بھادوڑی کی کیئر ٹیکر ببلی کے حوالے سے میڈیا میں جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق وہ باحیات ہیں اور گھبرانے والی بات نہیں ہے۔
معروف بالی ووڈ اداکارہ اور راجیہ سبھا رکن جیہ بچن کی والدہ یعنی سپراسٹار امیتابھ بچن کی ساس اندرا بھادوڑی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ حالانکہ یہ خبر جھوٹی ہے، کیونکہ اندرا بھادوڑی کی کیئر ٹیکر نے اسے افواہ قرار دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد انھیں بھوپال کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج چل رہا ہے۔
اندرا بھادوڑی کی کیئر ٹیکر ببلی کے حوالے سے میڈیا میں جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق وہ باحیات ہیں اور گھبرانے والی بات نہیں ہے۔ ببلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہے اس لیے اسپتال میں علاج کے لیے داخل کی گئی ہیں۔ حالانکہ ببلی نے یہ نہیں بتایا کہ وہ بھوپال کے کس اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ ضرور کہا گیا ہے کہ اندرا بھادوڑی کا علاج بھوپال کے شیواجی نگر واقع پارُل اسپتال میں چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ جیہ بچن کے والد ترون بھادوڑی، جو پیشہ سے مصنف اور صحافی تھے، ان کا انتقال تقریباً 28 سال قبل 1996 میں ہو چکا ہے۔ جیہ کے والدین مدھیہ پردیش میں ہی سالوں سے رہ رہے تھے۔ جیہ نے صرف 15 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا تھا۔ شاندار اداکاری کی وجہ سے جیہ بچن کو شائقین کا بھرپور پیار ملا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔