دیوبند کے نو منتخب چیئرمین وپن گرگ نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا، ’ہندوتوا‘ کے رنگ میں ڈوبی نظر آئی تقریب

حلف برداری تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ، بی جے پی ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سینی اور میونسپل بورڈ صدر وپن گرگ نے سرسوتی کی پوجا کے ساتھ پروگرام کا آغاز کیا۔

<div class="paragraphs"><p>حلف لیتے ہوئے وپن گرگ</p></div>

حلف لیتے ہوئے وپن گرگ

user

عارف عثمانی

دیوبند: ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندرا نے آج میونسپل بورڈ دیوبند کے نو منتخب چیئرمین وپن گرگ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس کے ساتھ ہی تمام 25 وارڈوں کے منتخب ممبر نے بھی حلف لیا۔ جمعہ کے روز دوپہر میں دیوی کنڈ روڈ پر واقع راج پیلس میں منعقدہ حلف برداری تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ، بی جے پی ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سینی اور میونسپل بورڈ صدر وپن گرگ نے سرسوتی کی پوجا کے ساتھ پروگرام کا آغاز کیا۔

اس دوران کارکنوں نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ اور چیئرمین وپن گرگ کا پھولوں کی مالائیں پہنا کر زوردار استقبال کیا اور جم کر مذہبی نعرے لگائے۔ اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر سنگھ نے وپن گرگ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا، جس کے بعد وپن گرگ نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کا آشیرواد لیا۔ اس دوران ضلع مجسٹریٹ نے تمام 25 وارڈوں کے منتخب ممبروں کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔

دیوبند کے نو منتخب چیئرمین وپن گرگ نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا، ’ہندوتوا‘ کے رنگ میں ڈوبی نظر آئی تقریب

حلف لینے کے بعد میونسپل صدر وپن گرگ نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کے ساتھ نگر پالیکا دفتر پہنچ کر عہدہ سنبھالا اور ضروری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران و ملازمین سے شہر کی ترقی کے متعلق گفتگو کی اور  ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے ترقیاتی کاموں میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ اور بی جے پی اعلیٰ کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اور حکومت کی عوامی پالیسیوں کے سبب ہی ہم دیوبند جیسی سیٹ پر جیت حاصل کر پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دیوبند کے تمام باشندوں کو یقین دلاتا ہوں کہ شہر میں بغیر کسی مذہب اور برادری کے تفریق کے ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی پہلی میٹنگ میں ہی دیوبند کو خوبصورت بنانے اور ترقیاتی امور کے لئے تجاویز منظور کی جائیں گی۔ چیئرمین وپن گرگ نے عوام اور بی جے پی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ شہر کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

حلف برادری تقریب کو کامیاب بنانے میں نگر پالیکا پریشد کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دھیریندر کمار رائے اور برقی انچارج وکاس چودھری نے اہم رول ادا کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم سنجیو کمار، بی جے پی یوا مورچہ کے علاقائی صدر سکھویندر پوم، ڈسٹرکٹ کوآپریٹو بینک کے چیئرمین چودھری راجپال سنگھ، بی جے پی کے نومنتخب ممبران منوج سنگھل، ڈاکٹر ڈی کے جین، سندیپ شرما ایڈوکیٹ سمیت بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈران اور کارکنان کے علاوہ شہر کے سرکردہ افراد موجود رہے۔


واضح رہے کہ بی جے پی کے نو منتخب میونسپل بورڈ چیئرمین وپن گرگ کی تقریب حلف برداری کے دوران جم کر مذہبی نعرے بازی کی گئی۔ میونسپل بورڈ میں مسلم کونسلروں کی اکثریت ہونے کے باوجود یہ پروگرام پوری طرح سے ہندوتوا کے رنگ میں رنگا نظر آیا۔ تاریخی شہر دیوبند کی نگر پالیکا اب پوری طرح بھگوا رنگ میں رنگ چکی ہے۔ اتنا ہی نہیں بی جے پی کے ذریعہ نگر پالیکا چیئرمین عہدہ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد جہاں دیوبند میں نئی تاریخ رقم کی گئی ہے، وہیں پرانی تاریخ کو بھی ختم کیا جا رہا ہے، جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ نگر پالیکا میٹنگ ہال کی دیواروں پر نصب سابق چیئرمینوں کے سبھی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں۔ پالیکا میٹنگ ہال میں اب وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ یوگی آتیہ ناتھ، پی ڈبلیو ڈی کے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کے علاوہ کچھ عظیم ہستیوں کے تصاویر باقی بچی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔