وائرس کی نئی شکل زیادہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے: بورس جانسن

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں پائی جانے والی وائرس کی نئی شکل (اسٹرین) زیادہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں پائی جانے والی وائرس کی نئی شکل (اسٹرین) زیادہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ معاونین کے ہمراہ پریس بریفنگ میں برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں 49 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو اسپتال داخل کیا گیا۔

بورس جانسن نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث مزید ایک ہزار 401 افراد ہلاک ہوئے، عالمی وباء سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 95 ہزار 981 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین وائرس کی نئی اور پرانی قسم کے خلاف یکساں موثر ہے، 24 گھنٹوں میں چار لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی۔


برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

واضح رہے کہ ابھی تک کہا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کی یہ نئی شکل لوگوں میں تیزی سے پھیلتی تو ہے لیکن اس سے زیادہ اموات واقع نہیں ہوتیں لیکن پہلی مرتبہ اس طرح کے اشارے ملے ہیں۔

اہم سرکاری سائنسدان پیٹرک ویلانس نے کہا کہ نیا اسٹرین پہلے کی شکلوں کے مقابلہ 30 فیصد زیادہ مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم ابھی بہت کم اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 60 سال سے زیادہ عمر کے شخص کی بات کریں تو پرانے کورونا وائرس کے 1000 متاثرین میں سے 10 کے مارے جانے کا خدشہ رہتا تھا لیکن نئے وائرس کے سبب 1000 میں سے 13 یا 14 افراد کے جان گنوانے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر عمر کے زمروں میں بھی نئے اسٹرین سے زیادہ اموات کا خطرہ نظر آ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Jan 2021, 8:40 AM