کشمیر: مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کو عوامی تعطیل قرار دیا جائے، کرن سنگھ کا مطالبہ

بی جے پی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے نئے کلینڈر میں آخری ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کی تعطیل بھی شامل ہوگی، پارٹی کے مطابق یہ سرکاری تعطیل بی جے پی کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: کانگریس کے سینئر رہنما کرن سنگھ نے جمعہ کے دن جموں و کشمیر کے گونر ستیہ پال سنگھ سے گزارش کی ہے کہ ان کے والد مہاراجہ ہری سنگھ کے اگلے ہفتہ منائے جانے والے جنم دن کو عوامی تعطیل قرار دیا جانا چاہئے۔ جموں و کشمیر کے سابق صدر ریاست کرن سنگھ نے مزید کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کو عوامی تعطیل قرار دینے کا مطالبہ لوگ کافی سالوں سے کر رہے ہیں۔

جموں و کشمیر کے سابق صدر ریاست اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ
جموں و کشمیر کے سابق صدر ریاست اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ

ادھر بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے نئے کلینڈر میں آخری ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کی تعطیل بھی شامل ہوگی۔ پارٹی کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پر سرکاری تعطیل بی جے پی کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے۔

بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے نائب صدر ٹھاکر نارائن سنگھ نے کہا: 'آنے والے دنوں میں یونین ٹریٹری کا کلینڈر بنے گا۔ اس کلینڈر میں نئے سرے سے تمام چھٹیاں طے ہوں گی۔ ہماری کوشش رہے گی کہ نئے کلینڈر میں ہری سنگھ جی کے جنم دن کی چھٹی بھی شامل ہو۔ یہ جموں کے لوگوں کی پرانی مانگ ہے'۔


ان کا مزید کہنا تھا: 'کشمیر کی مرکزیت والی حکومتیں ہری سنگھ جی کے جنم دن پر چھٹی کے مطالبے کو پورا کرنے میں خلل ڈال رہی تھیں۔ نئے کلینڈر میں مہاراجہ ہری سنگھ جی کی چھٹی ضرور ہوگی'۔

دریں اثنا بی جے پی نے مہاراجہ ہری سنگھ کے 125 ویں جنم دن کے موقع پر اتوار کو جموں میں ایک بڑی ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور بی جے پی کے دوسرے سینئر لیڈران شرکت کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔