سندیش خالی واقعہ پر قومی درج فہرست ذات کمیشن نے اپنی رپورٹ صدر جمہوریہ مرمو کو سونپی

بی جے پی کا ایک نمائندہ وفد بھی آج سندیش خالی کے متاثرین سے ملنے پہنچا ہے، لیکن مقامی پولیس انھیں نہیں جانے دے رہی ہے، اس سے سندیش خالی میں ہنگامہ جاری ہے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کے سندیش خالی میں پیش آئے ہنگامہ سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ قومی درج فہرست ذات کمیشن کے نمائندہ وفد نے سندیش خالی واقعہ پر اپنی رپورٹ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو سونپ دی ہے۔ کمیشن کے نمائندہ وفد نے جمعرات یعنی 16 فروری کو سندیش خالی کا دورہ کیا تھا۔ اس سے متعلق رپورٹ تیار کر قومی درج فہرست ذات کمیشن نے اپنی رپورٹ جمعہ کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے حوالے کر دی۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کا ایک نمائندہ وفد بھی آج سندیش خالی واقعہ کے متاثرین سے ملاقات کرنے پہنچا ہوا ہے، لیکن مقامی پولیس نے انھیں ملاقات کی اجازت فی الحال نہیں دی ہے۔ اس وجہ سے سندیش خالی میں کافی ہنگامہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔


بہرحال، قومی درج فہرست ذات کمیشن کے جس وفد نے سندیش خالی کا دورہ کیا، اس میں ارون ہلدر، سبھاش رام ناتھ پاردی اور ڈاکٹر انجو بالا شامل ہیں۔ کمیشن کے اراکین نے سندیش خالی میں متاثرین سے ملاقات کی اور ان پر ہوئے مبینہ مظالم کی جانکاری حاصل کی۔ نمائندہ وفد میں شامل ڈاکٹر انجو بالا نے متاثرین کے کنبہ سے بات کرنے کے بعد ریاستی حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ سندیش خالی میں صدر راج نافذ کیا جائے تاکہ لوگ محفوظ رہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نہیں چاہتیں کہ کچھ بھی سچائی باہر آئے۔ خواتین کے خلاف ہوئے مظالم کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی ہے۔ ملک انھیں معاف نہیں کرے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندیش خالی میں صدر راج نافذ کیا جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔