نیتا جی کی قربانی اور لگن کو ممنون قوم ہمیشہ یاد رکھے گی: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے عظیم مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کی 125 ویں سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے عظیم مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کی 125 ویں سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مودی نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا، "عظیم مجاہد آزادی اور بھارت ماتا کے سچے سپوت نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان سالگرہ کے موقع پر صدہا سلام۔ ممنون قوم، ملک کی آزادی کی خاطر ان کی قربانی اور لگن کو ہمیشہ یاد رکھے گی"۔

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نیتا جی کی سالگرہ کو پورے ملک میں ہر سال یوم جرأت (پراکرم دیوس) کے بطور منایا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی خود آج کولکاتا میں اس موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کریں گے۔

‌قبل ازیں جمعہ کے روز وزیر اعظم مودی نے نیتا جی کی سالگرہ کی ماقبل شام پر سلسلہ وار ٹویٹ کرکے کہا تھا،" کل، ہندوستان کے عظیم رہنما نیتا جی سبھاش چندر بوس کی سالگرہ کو یوم جرأت (پراکرم دیوس) کے طور پر منایا جائے گا۔ پورے ملک میں منعقد کیے جانے والے مختلف تقریبات میں سے ایک خصوصی پروگرام گجرات کے ہری پورہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ دوپہر ایک بجے شروع ہونے والے اس پروگرام میں شرکت کیجیے"۔


انہوں نے کہا تھا کہ ہری پورہ کا نیتا جی سبھاش چندر بوس کے ساتھ ایک خاص تعلق ہے۔ 1938 کے تاریخی ہری پورہ کنونشن میں نیتا جی نے کانگریس کی صدارت سنبھالی تھی۔ ہری پورہ میں کل کا پروگرام ہمارے ملک کے لیے نیتا جی بوس کی حصہ داری کو خراج عقیدت ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا،" نیتا جی بوس کی سالگرہ کے موقع پر، میرا جی 23 جنوری 2009 کو دن یاد کرتا ہے۔ جب ہم نے ہری پورہ سے ای-گرام وشوگرام منصوبہ شروع کیا تھا۔ اس پہل نے گجرات کے آئی ٹی بنیادی ڈھانچے میں انقلاب برپا کر دیا اور ریاست کے دور دراز علاقے کے عوام کو ٹیکنالوجی کا فائدہ ملا۔ میں ہری پورہ کے عوام کے پیار کو کبھی نہیں بھول سکتا جو مجھے اسی سڑک پر ایک جلوس کے ذریعے لے گئے، جس سڑک پر نیتا جی بوس 1938 میں گئے تھے"۔


وزیر اعظم مودی نے کہا، "مالک کرے کہ نیتا جی سبھاش چندر بوس کے اصول و افکار ہمیں ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کی سمت میں کام کرنے کی ترغیب دیں جن پر انھیں فخر ہوگا... ایک مضبوط، خود اعتماد اور خود کفیل ہندوستان، جس کی انسان-مرکزی نقطہ نظر آئندہ برسوں میں ایک بہتر سیارے کی تعمیر میں حصہ داری ہوگی"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔