جتنی آواز دبائیں گے، اتنی ہی تیز آواز اٹھے گی: پرینکا گاندھی

دہلی میں میٹرو اسٹیشن اور انٹرنیٹ سروسز بند کر کے دفعہ 144 نافذ کرنے پر پرینکا گاندھی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی آواز دبانے کی جتنی کوشش کی جائے گی وہ اتنی ہی تیز ہوگی

تصویر سوشل میڈیا / فائل تصویر
تصویر سوشل میڈیا / فائل تصویر
user

یو این آئی

نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری مظاہروں کے پیش نظر قومی دارلحکومت دہلی میں میٹرو اسٹیشن اور انٹرنیٹ سروسز بند کر کے دفعہ 144 نافذ کر نے پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج خبردار کیا کہ حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ لوگوں کی آواز دبانے کی جتنی کوشش کی جائے گی وہ اتنی ہی تیز آئے گی۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ میٹرو بند ہیں، انٹرنیٹ بند ہے، ہر جگہ دفعہ 144 لگی ہوئی ہے، کسی بھی جگہ آواز اٹھانے کی اجازت نہیں ہے۔ جن لوگوں نے ٹیکس دہندگان کا پیسہ خرچ کرکے کروڑوں روپئے کے اشتہار لوگوں کو سمجھانے کے لئے نکالے ہیں وہی لوگ عوام کی آواز سے اتنا بوکھلائے ہوئے ہیں کہ سب کی آواز بند کر رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ جبر وستم کے ذریعہ لوگوں کی آواز دبا نہیں سکتی کیونکہ لوگوں کی آواز کو جتنا دبائیں گے اتنی ہی تیزی سے اٹھے گی۔


واضح رہے کہ منڈی ہاؤس، سیلم پور، جعفرآباد، مسطفیٰ آباد، جامعہ نگر، شاہین باغ اور باوانہ علاقوں میں ٹیلی فون اور ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی میٹرواسٹیشن بند کردیئے گئے ہیں اور کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔