ماہ ذی الحجہ کا چاند نظر آیا، ہندوستان میں عیدالاضحیٰ 10 جولائی کو
’’کل بتاریخ یکم جولائی 2022 بروز جمعہ ماہ ذی الحجہ 1443ھ کی پہلی تاریخ ہوگی، نماز عیدالاضحیٰ 10 جولائی 2022 بروز اتوار ادا کی جائے گی۔ (ان شاء اللہ)‘‘
30 جون بروز جمعرات ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کئی رویت ہلال کمیٹیوں اور مسلم اداروں کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ امارت شرعیہ ہند کی جانب سے جاری پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا حکیم الدین قاسمی صاحب ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1- بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، دہلی میں مطلع ابر آلود تھا، اس لیے یہاں چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ ملک کے مختلف مقامات مثلاً انجار گجرات، چنئی، ہوجائی آسام، ارریہ، بائسی، پورنیہ (بہار)، اسلام پور دیناج پور وگیرہ سے رویت کی متعدد معتبر اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔‘‘ پریس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ 29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ یکم جولائی 2022 بروز جمعہ ماہ ذی الحجہ 1443ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ نماز عیدالاضحیٰ 10 جولائی 2022 بروز اتوار ادا کی جائے گی۔ (ان شاء اللہ)‘‘
امارت اہل حدیث صادق پور ہند کی طرف سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’امارت اہل حدیث صادق پور ہند، پٹنہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ آج بتاریخ 29 ذیقعدہ 1443ھ مطابق 30 جون 2022ء بروز جمعرات عیدالاضحیٰ کا چاند پٹنہ اور اس کے مضافات میں نہیں دیکھا گیا، لیکن مختلف جگہوں جیسے صاحب گنج ارریہ، سپول، آسام اور مدراس (چنئی) وغیرہ سے عام رویت کی خبر موصول ہوئی۔ لہٰذا ہمدردان و برادرانِ اسلام کو نہایت ہی مسرت و شادمانی کے ساتھ یہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ 29 کی رویت کے اعتبار سے عیدالاضحیٰ کی نماز 10 جولائی 2022ء بروز اتوار ادا کی جائے گی۔ ان شاء اللہ العزیز۔‘‘
اسی طرح امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ (پھلواری شریف، پٹنہ، بہار)، خانقاہ حضرت دیوان شاہ ارزانی (پٹنہ، بہار)، خانقاہ مجیبیہ (پھلواری شریف،بہار)، خانقاہ عمادیہ قلندریہ (بہار) وغیرہ نے بھی بیان جاری کر ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کیا ہے۔ یعنی ہندوستان میں عیدالاضحیٰ کا تہوار 10 جولائی کو تزک و احتشام کے ساتھ منایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔