ملک کی 60 کروڑ آبادی کو مودی سرکار نے بے روزگار کر دیا: طارق انور

طارق انور نے کہا کہ جس طرح آر ایس ایس، بی جے پی اور اس کے لوگ نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں اور سرکار میں بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے والوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں وہ گاندھی کے بھارت کے لئے ٹھیک نہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی پردیش قومی تنظیم کے زیر اہتمام ضلع نجف گڑھ قومی تنظیم کی جانب سے منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے کہا کہ جس طرح سے نفرت پھیلانے کا کام آر ایس ایس، بی جے پی اور اس کے لوگ کر رہے ہیں اور سرکار میں بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے والوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں وہ گاندھی کے بھارت کے لئے ٹھیک نہیں ہے، اس لئے آل انڈیا قومی تنظیم نے پورے ملک میں نفرت چھوڑو بھارت جوڑو مہم کی شروعات کی ہے اور یہ مہم کامیابی کیساتھ جاری بھی ہے۔

طارق انور نے کہاکہ ایسے تمام لوگ جو گاندھیائی نظریہ میں یقین رکھتے ہیں ان کا قومی تنظیم میں استقبال ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے ملک میں بے روزگاری 45 سال کا ریکارڈ توڑ چکی ہے 55سے 60کروڑ لوگ غریبی ریکھا سے نیچے ہیں اور غریبی کا عالم یہ ہے کہ آج 80کروڑ آبادی سرکار کی جانب سے دئے جانے والے اناج پر منحصر ہوکر رہ گئی ہے اور بی جے پی ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے کہ لوگوں کو دو وقت کی روٹی جب ملے تو وہ کہیں کہ مودی کی وجہ سے ہی روٹی ملی ہے اور اس کے بعد کیا ہوگا اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔


انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے وعدہ کیاتھا کہ دوکروڑ لوگوں کو روز گار دیں گے، لیکن یہ سال میں دو کروڑ لوگوں کا روز گار چھین رہے ہیں ۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ تھا ، لیکن آج یہ لوگ طاقت کے نشے میں کسانوںکو روندنے کا کام کررہے ہیں۔ جو کسان ہمارے لئے دووقت کی روٹی اگاتا ہے آج اسی کسان کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔

طارق انور نے کہاکہ فرقہ پرستی اپنے شباب پر ہےاس لئے ضروری ہے کہ پہلے ملک کو فرقہ پرستی سے بچایا جائےاور ہمارے بزرگوں نے جو بھارت ہم کو سونپا تھااس کی حفاظت کی جائے ۔ ان کے خوابوں کا بھارت بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ملک کو بانٹنے کی سازش ہورہی ہے ۔ پوری دنیا میں بھارت کی امیج خراب ہورہی ہے ۔ملک سے غداری کا جو قانون انگریزوں نے اپنی حکومت بچانے کیلئے بنایاتھا اس قانون کا غلط استعمال کرکے ہر آدمی کو وطن دشمن بتانے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندو کو مسلمان سے لڑانے کی سازش اس لئے ہورہی ہے تاکہ اصل ایشو سے ایجنڈے کو ڈائیورٹ کیا جاسکے۔ آج میڈیا بھی اصل ایشو پر بحث نہیں کرنا چاہتا ہے ۔ایسے ایشوز زیر بحث لائے جاتے ہیں جن کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔