نہیں تھم رہا طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا معاملہ، آج پھر 85 طیاروں کو ملی دھمکیاں

دہلی پولیس نے پچھلے 8 دنوں کے اندر 90 سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی معاملہ میں 8 الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔ کچھ لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا معاملہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ جمعرات کو ایک بار پھر کم از کم 85 طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملی ہیں۔ جو خبریں موصول ہو رہی ہیں اس کے مطابق ایئر انڈیا کے 20، انڈیگو ایئرلائن کے 20، وستارا ایئرلائن کے 20 اور اکاسا ایئرلائن کے 25 طیارے شامل ہیں۔

گزشتہ کچھ دنوں سے طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں لگاتار مل رہی ہیں۔ اس سلسلے میں لگاتار اعلیٰ سطحی میٹنگیں ہو رہی ہیں اور مرکز نے سخت قانونی کاروائی کرنے کا حکم بھی صادر کر دیا ہے۔ اس کے باوجود دھمکیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دہلی پولیس نے پچھلے 8 دنوں کے اندر 90 سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی معاملہ میں 8 الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔ کچھ لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔


اکاسا ایئرلائن کے ترجمان نے تازہ دھمکیوں کے تعلق سے کہا کہ آج ان کے کچھ طیاروں کو سیکورٹی الرٹ موصول ہوا ہے۔ الرٹ کے بعد اکاسا ایئرلائن کی ایمرجنسی ٹیم حالات کی نگرانی کر رہی ہے اور حفاظتی حکام سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مقامی حکام سے مل کر سیکورٹی اور حفاظتی طریقۂ کار پر عمل کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ طیاروں کے علاوہ گوا کے دونوں ایئرپورٹس کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ بم کے خدشہ کے پیش نظر دونوں ہوائی اڈوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ خطرات کا جائزہ لینے کے لئے دونوں ہوائی اڈوں کے لئے بم تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی (بی ٹی اے سی) تشکیل دی گئی ہے۔ یہ دھمکیاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ دی جا رہی ہیں۔ اس تعلق سے مرکزی حکومت نے ’میٹا‘ اور ’ایکس‘ سے جانچ میں تعاون کے لئے بھی کہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔